کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاور ڈویژن نے 80 لاکھ یونٹ بجلی چوری کا کھوج لگا لیا ہے بجلی چوری میں ملوث 194 افراد گرفتار کر لئے گئے ہیں اور بجلی چوروں کو 35 کروڑ 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے تاہم پشاور الیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو) جس میں تیکنیکی اور مالی نقصانات سرفہرست ہیں وہاں صرف 17 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور صرف 2.225 ملین روپے کی وصولی کی گئی ہے، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کے 1159 کیسز کا سراغ لگایا ہے لیکن 715 کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں لاہور میں چوری کے یونٹس کے استعمال کی تعداد 3.7 ملین رہی جو 161 ملین روپے کے مساوی ہے لیکن یہاں صرف 10.3 ملین روپے کی وصولی کی گئی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) میں 280.74 ملین روپے کے مساوی 1356 ایف آئی آر درج کی گئیں جن میں سے وصول شدہ رقم 21.5 ملین روپے رہی اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) جسے بہتر سمجھا جاتا ہے میں صرف 9 ایف آئی آر درج کی گئیں ان اعداد و شمار کے پیش نظر یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار اور بلوں کی مد میں رقوم کی وصولی کے اقدام ہی سرے سے فرسودہ اور غیر اطمنان بخش ہیں دنیا بھر میں بجلی کی فراہمی اور بلوں کی وصولی کو سسٹمیٹک اور کر پشن سے پاک بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے جدید ممالک میں بجلی اور گیس چوری اور ٹیکس چوری سے بچنے کے لئے پری پیڈ کارڈز متعارف کروانے دئے گئے ہیں صارفین اپنی مرضی اور ضرورت کے مطابق پری پیڈ کارڈز استعمال کرتے ہیں کارڈ ختم ہوتا ہے تو بجلی اور گیس خودبخود معطل ہو جاتے ہیں یوں بجلی اور گیس چوری بھی صفر ہو جاتی ہے اور ٹیکس چوری کا بھی خاتمہ ہو جاتا ہے یوں لگتا ہے کہ ہمارے نالائق حکمران اور بیوروکریسی اس ملک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے کو تیار نہیں یہ سب کچھ جانتے ہیں انہیں معلوم ہے کہ دنیا میں پری پیڈ کارڈز متعارف ہو چکے ہیں یہ جان بوجھ کر ملک میں پری پیڈ کارڈز متعارف کروانے کا ارادہ نہیں رکھتے کیونکہ یہی لوگ اس فرسودہ نظام کے بینیفشری ہیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ چونکہ پری پیڈ کارڈز کے شاندار طریقے سے ان کی چوری ناممکن ہو جائے گی اس لیے یہ لوگ اسی فرسودہ نظام کو جاری رکھے ہوئے ہیں جو ان کی چور بازاری پر پردہ ڈالتا ہے اس کارڈ سسٹم سے لاکھوں کی تعداد میں بھرتی کئے جانے والے لوگوں کی ہڈحرامی کا خاتمہ بھی ہو جائے گا اور ٹیکس وصولی کا جھنجٹ بھی نہیں رہے گا بجلی اور گیس کے کارڈ استعمال ہوتے ہی ٹیکس کی کٹوتی بھی ہو جائے اور وہ حکومت کے کھاتے میں جمع بھی ہو جائے یوں ماہانہ بلوں کا چکر بھی ختم ہو جائے گا اور شفاف بنیادوں پر وصولیاں بھی روزانہ ہونے لگیں گی۔
بجلی گیس اور ٹیکس چوری کے خاتمے کیلئے پری پیڈ کارڈز کے استعمال کا طریقہ متعارف کرایا جائے، سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
