حب (ڈیلی گرین گوادر) ووٹ قومی امانت اور فریضہ ہے اور اس کا صحیح استعمال ہر پاکستانی کا حق اور ذمہ داری ہے۔ ووٹ کے صحیح استعمال ہی ہے ہم اپنے مستقبل کے لئے بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کا صحیح استعمال ہر پاکستانی پر فرض ہے اور بغیر کسی دباؤ اور زور زبردستی کے ووٹ کا حق استعمال کرنا حق ہے۔ووٹ ہی کے ذریعے ہم مستقبل کے لئے مخلص قیادت اور نمائندوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے ووٹرز کو عزت دی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی مقبول ترین جماعت ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹوشہید کے بعد ہردلعزیز لیڈر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت اور پارٹی کے جیالے کارکنوں نے پارٹی کو مضبوط ترین پارٹی بنا دیا ہے اورآئندہ الیکشن میں جیت پی پی پی کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ووٹ کے ذریعے ہی ہم اپنے اچھے برے کا فیصلہ کرتے ہیں ووٹ کے صحیح استعمال سے اچھی اور مخلص قیادت کو لایا جاسکتا ہے جبکہ دوسری جانب غلط استعمال سے غلط لوگ بھی اسمبلیوں میں آ سکتے ہیں اس لئے وطن کی ترقی و خوشحالی کے لئے مخلص قیادت کو منتخب کریں اور اس کے لئے ووٹ کا صحیح استعمال نہایت اہم ہے اور معاشرے میں حق رائے دہی کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرنا اشد ضروری ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان میں خواتین نصف آبادی سے زیادہ ہیں اور ان کے ووٹ کی اہمیت مسلمہ ہے اور خواتین ملک کے لئے مخلص قیادت اور نمائندوں کے انتخاب میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ووٹ کی بڑی اہمیت ہے اس کو صرف پرچی نہیں بلکہ ملک و قوم کی تقدیر سمجھ کر کاسٹ کیا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ووٹ کا ٹرن آؤٹ بہت کم ہے عوام انتخابی عمل میں حصہ لینے سے کتراتے ہیں۔اگر ہم ووٹ کی طاقت کو جان جائیں اور اس کا صحیح استعمال کر کے قابل اور اصل حقدار کو مسند اقتدار پر بٹھائیں تو ہمارے مسائل بہتر طور پر حل ہو سکتے ہیں۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں خواتین سمیت ہر فرد کا ایک ایک ووٹ نہایت اہم ہے۔ بلوچستان میں ووٹ کے صحیح استعمال کی اشد ضرورت ہے کیونکہ یہاں کے عوام باشعور ہو رہے ہیں اور انہیں اپنے اچھے برے کی پہچان ہو تی جارہی ہے۔بلوچستان کے عوام اب نام نہاد نمائندوں اور کھوکھلے نعرے لگانے والے لیڈروں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ الیکشن میں عوام اپنے حق رائے دہی کا بھرپور استعمال کریں گے اور ووٹ کے ذریعے انتخاب کرتے ہوئے اُن نام نہاد نمائندوں اور لیڈروں کو مسترد کردیں گے جنہوں نے کئی دہائیوں سے بلوچستان کے عوام کو بیوقوف بنایا ہوا ہے اورجنہوں نے ہمیشہ اپنے مفادات پر توجہ دیتے ہوئے صرف اور صرف اپنی ذاتی ترقی پر توجہ دی۔آئندہ الیکشن میں انشاء اللہ عوام اپنے لئے بلوچستان سے مخلص نمائندوں کا انتخاب کریں گے جو بلوچستان کی دیرپا اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے اور بلوچستان کو ترقی کی نئی منازل کی جانب لے جائیں گے۔
بلوچستان کے عوام اب نام نہاد نمائندوں اور کھوکھلے نعرے لگانے والے لیڈروں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے، میر علی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی حسن زہری
