کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ غریب عوام کو انکی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کرنے کی کسی کواجازت نہیں دیں گے حکومت اورقانون نافذ کرنے والے ادارے نواں کلی کے چند پراپرٹی ڈیلرز اورایک بڑی کمپنی کی جانب سے غریب عوام کے پلاٹوں پرقبضے کا نوٹس لیں بصورت دیگر متاثرین کے ساتھ ملکر انکے دفاتر کی تالہ بندی کرنے پر مجبور ہونگے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے پلاٹ متاثرین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفد نے بتایا کہ انہوں نے اپنے مکانات کی تعمیر کیلئے نواں کلی میں پراپرٹی ڈیلروں سے پلاٹ حاصل لئے لیکن اب پراپرٹی ڈیلراورکوئٹہ کی ایک بڑی کمپنی ملکر ہمارے پلاٹوں پرقبضہ کررہے ہیں۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ غریب عوام کے پلاٹوں پرکسی کو ہرگز قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی بعض پراپرٹی ڈیلرز نے لوگوں کو پلاٹ کا قبضہ دینے سے انکار کیا تھا جس پر انکے خلاف ہم نے احتجاج کیا اور متاثرین کو پلاٹ دلائے۔ انہوں نے کہا کہ اب ایک مرتبہ پھر نواں کلی میں چند پراپرٹی ڈیلراورایک بڑی کمپنی ملکر غریب عوام کے پلاٹوں پرقبضہ کرکے انہیں پلاٹوں اورزندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ وہ عوام کو فوری طور پر انکے پلاٹ کا قبضہ دیں بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ اور متاثرین ملکر پراپرٹی ڈیلرزاور بڑی کمپنی کی دفتر کو تالہ لگانے پر مجبور ہونگے جسکی تمام ترذمہ داری حکومت اور متعلقہ پراپرٹی ڈیلر اور کمپنی پر عائد ہوگی۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں بلوچستان امن جرگہ کے ساتھ ہے۔
غریب عوام کو انکی زندگی بھرکی جمع پونجی سے محروم کرنے کی کسی کواجازت نہیں دیں گے،لالا یوسف خلجی

ٹیگز:
لالا یوسف خلجی
