کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بزدل دشمن بہادر قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔پاکستانی قوم کے بہادر سپوت دشمنوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار کے حملے میں 9 جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بزدل دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایاجس کے لئے پوری قوم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوگا۔دشمنوں کی جانب سے ایسی بزدلانہ ایسی حرکتیں انتہائی قابل مذمت ہیں اور جلد یا بدیر دہشت گرد عناصر کوجہنم واصل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے جوانوں اور زخمیوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں شہیدوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے اور اس جنگ میں دشمنوں کو شکست فاش ہو گی اور پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں سرخرو ہو گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ وطن کیلئے جانوں کی قربانی دینے والے جوانوں کو قوم کبھی نہیں بھول سکتی فوجی جوانوں پر خود کش حملہ کرنے والوں کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ہماری بہادرپاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف تاریخ رقم کر رہی ہیں۔ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گااور پاک افواج کے جوانوں کی وطن کی حفاظت کے لئے قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔انہوں نے پاک افواج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے دشمنوں کے ان بڑے حملوں کو بہادری سے ناکام بنایا جو قابل ستائش ہے اور آئندہ بھی ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز اسی طرح دشمن کے ناپاک عزائم کو بہادری اور عزم و ہمت سے خاک میں ملاتی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں جو کسی بھی قوم کے لئے انتہائی قابل فخربات ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز نے کہا کہ پاکستان مخالف طاقتیں امن کی دشمن ہیں، پاکستان میں امن ہمارے مخالفوں کو برداشت نہیں ہے۔ ان حالات میں پاکستان کے عوام کو متحد ہونے اور اندرونی و بیرونی دشمنوں کو متحد ہو کر جواب دینے کی ضرورت ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ امن و امان کی بہتری اور وطن کی حفاظت کے لئے اپنا اپنا کردارادا کریں اور دشمنوں کو باور کرادیں کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر ہے اور دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ اپنے تمام سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دیں اور کسی بھی قسم کی غیر معمولی سرگرمی یا مشکوک افراد کی اطلاع فوری طور پر سیکیورٹی اداروں کو دیں تاکہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے بروقت بچا جا سکے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔
مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
ثمینہ ممتاز
