ملتان (ڈیلی گرین گوادر) ایشیاء کپ 2023 کے افتتاحیہ میچ میں پاکستا ن نے رنز کے ڈھیر لگادئیے ،نیپال کو جیت کے لیے 343 رنزکا ہدف دے دیا گیا تفصیلات کے مطابق ملتان میں کھیلے جانے والے ایشیاء کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،فخرزمان اور امام الحق اوپننگ کرنے آئے ۔
فخرزمان نے اننگز کا آغاز چوکوں سے کیا تاہم وہ بڑی شاٹ لگانے کے چکر میں کیچ آئو ٹ ہوگئے،اوپنر امام الحق محض 5 رنز پر رن آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو محمد رضوان اور کپتان بابراعظم نے سہارا دیا اور مضبوط پارٹنرشپ قائم کی محمد رضوان 44 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر رن آئوٹ ہوگئے اس وقت پاکستان کے 180 رنز پر چار آئوٹ تھے اور 35 اوور زمکمل ہوچکے تھے جس کے باعث یہ لگ رہا تھا کہ پاکستان بمشکل 250 کاٹارگٹ دے پائے گا۔
محمد رضوان کے پویلین لوٹ جانے کے بعد افتخار احمد اور بابراعظم نے دھواں دار اننگز کھیلی ،بابراعظم نے کیپٹن اننگز کھیلتے ہوئے اپنے کیرئیر کی 19 ویں اور مجموعی طور پر 29 ویں سنچری اسکور کی،ان کے ساتھ افتخار احمد بھی تیز رفتار بلے بازی کے باعث سنچری بنانے میں کامیاب رہے،دونوں بلے بازوں نے 214 رنز کی شراکت داری قائم کی ۔پاکستان کی جانب سے مقررہ اوورز میں 342 رنز بنائے گئے۔
بابراعظم 19 ویں سنچری سکور کرنے کے بعد پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچری اسکور کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔

