کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ کا نواحی علاقہ سورینج انسانی زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، صحت، تعلیم، لیبر،مائنز سمیت ہر شعبہ زندگی میں یہاں کے عوام مشکلات سے دوچار ہیں، ہسپتال خالی عمارت کا منظر پیش کررہی ہے ڈاکٹرز اور ایک درجن سے زائد سٹاف حاضری سے قاصر ہیں، معمولی حادثات کی صورت میں کوئٹہ شہر کا رُخ کیا جاتا ہے اور خون زیادہ بہنے کی صورت میں اکثر یہاں انسانوں کی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں،مائنز میں ہونیوالے حادثات کے دوران بنیادی سہولیات میسر نہیں جس سے کانکن اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، اسی طرح وہ مرنے والے مزدوروں کے ورثاء کو مائنزڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ادا ہونیوالی رقوم انتہائی دشواریوں کے بعد ادا کی جاتی ہے جس کے باعث اکثر ورثاء معاوضہ لینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔یہاں پر آباد تمام عوام کے مسائل بالخصوص مائنز میں کام کرنیوالے مزدوروں کیلئے ہر شعبہ زندگی میں اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔پشتونخواملی عوامی پارٹی کی کامیاب علاقائی کانفرنس پارٹی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے پارٹی کو بجاء طور پر امید ہے کہ نو منتخب ایگزیکٹوز سپین کاریز اور سورینج زڑخو علاقائی یونٹوں میں عوام کی شمولیت اور مزید ابتدائی یونٹوں کے قیام کے عمل کو مزید تیز کرکے پارٹی پروگرام اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کے بیانیہ کو گھر گھر تک پہنچائینگے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمن بازئی، ضلعی کوئٹہ کے سینئر معاونین سیکرٹری سعید خان کاکڑ، نصیر احمد کاکڑ، ضلعی معاونین بشیر خان کاکڑ ایڈووکیٹ، نصیب اللہ نیازی، محمد علی بازئی،ضلع کمیٹی کے اراکین عبدالعلیم کاکڑ، زمین خان یوسفزئی،ضلع سبی کے سیکرٹری نور احمد شاہ خجک، سپین کاریز علاقائی یونٹ سینئر معاون سیکرٹری رحمن گل ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض تحصیل سینئر معاون سیکرٹری راحت خان بازئی اور شبیر ننگیال نے سرانجام دیئے۔ کانفرنس میں ضلع کوئٹہ کے ڈپٹی سیکرٹریزفیصل کاکڑ، شکیل افغان، تحصیل صدر اطلاعات سیکرٹری فتح اللہ کاکڑ، ہنہ اوڑک علاقائی یونٹ کے سینئر ڈپٹی آرگنائزر یونس خان سمیت دیگر ایگزیکٹوز بھی شریک تھے۔ کانفرنس میں سورینج علاقائی یونٹ کو دو علاقوں میں تقسیم کیا گیا۔ سپین کاریز علاقائی یونٹ کے سیکرٹری قادر خان ہوتک، سینئر معاونین محمود خان اور رحمن گل جبکہ دیگر اراکین معاونین منتخب ہوئے۔ جبکہ سورینج زڑخو علاقائی یونٹ کے سیکرٹری نصیب اللہ خان درانی، سینئر معاون سیکرٹری مطیع اللہ خان ودیگر اراکین معاونین منتخب ہوئے۔ نو منتخب ایگزیکٹوز سے صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی اور ضلعی کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری سعید خان کاکڑ نے حلف لیا۔ مقررین نے کہا کہ ملک میں سیاست اور سیاسی جماعتوں کو نہ چھوڑنے، جمہوریت کو پنپنے نہ دینے اور سیاست میں مسلسل مداخلت کے نیتجے میں ملک بحرانوں کا شکار ہوا،آج بدترین ملکی آئینی،معاشی، سیاسی، معاشرتی بحرانوں کے وجہ سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوا ہے، جرائم کی شرح کئی گناہ بڑھ چکی ہے، سرکاری اداروں میں کرپشن وکمیشن، لوٹ مار کا بازار گرم ہے، عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں، مہنگائی، بیروزگاری میں آئے روز اضافہ ہوتا جارہا ہے، غریب لوگ تنگ آخر خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں۔ ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے قرضوں سے ملک کے مخصوص حصوں میں ایک صوبے کا ایک خاص طبقہ مستفید ہوا جبکہ سود اور قرضوں کے بوجھ تلے ملک کے دیگر کروڑوں غریب عوام دب گئے ہیں۔ ایسی ناانصافیاں اگر جاری رہی تو اس کا خمیازہ بھی بھگتنا ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ علمی، فکری سیاسی تنظیمی بنیادوں پر اپنی قومی نجات کی تحریک کو چلانا ہوگا، پارٹی عہدیداروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ تمام کارکنوں کی تربیت اور قومی، وطنی، سیاسی شعور میں اضافہ کرتے ہوئے پشتون قومی اہداف سے آگاہ کریں، پارٹی صفوں میں شمولیت عوام کا فیصلہ ہے، پارٹی کے اندر پارٹی کے طے کردہ اصولوں کے مطابق چلنا پڑتا ہے اورپارٹی آئین ومنشور کی پابندی ہر عہدیدار اور ہر کارکن کی ذمہ داری ہے۔ تمام کارکن تنظیمی اصولوں اور قاعدے کے پابند ہیں جنہوں نے تنظیمی حدود پائمال کیئے ان کا انجام سب نے دیکھ لیا۔ پشتونخوا وطن میں سب سے پہلے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے سیاسی تنظیم کی بنیاد رکھی، اور اس راہ پرخار میں مسلسل کٹھن سزائیں کاٹی، پشتونخوامیپ کی جدوجہد ظلم اور ظالم کے خلاف ہے کسی بھی ظلم اور جبر کے خلاف پشتونخوامیپ کے کارکنوں نے ہر صورت میں کھڑا ہونا ہوگا۔
کوئٹہ کا نواحی علاقہ سورینج انسانی زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
