کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور پی ڈی ایم اے میر محمد زبیر خان جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پر امن ماحول میں صاف و شفاف اور غیر جانبدرانہ انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت کا اولین مینڈیٹ ہے بحالی امن و عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میر زبیر خان جمالی نے کہا کہ نگراں حکومت کو جو زمہ داریاں دی گئی ہیں اس سے نبرد آزما ہونے کے لئے خلوص دل سے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور اپنے مینڈیٹ میں رہتے ہوئے بلوچستان کی عوام کی فلاح و بہبود کے موثر اقدامات اٹھائیں گے انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے تمام اضلاع میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کی ہدایت کی ہے تاکہ مقامی سطح پر حل طلب مشکلات کے ازالے کے لئے اقدامات کو موثر بنایا جائے انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ بلا امتیاز عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو امن و آشتی کا گہوارہ بنائیں گے اور امن و امان کی ایسی مثالی فضا قائم کریں گے جہاں تمام طبقات کو مکمل تحفظ حاصل ہو۔
عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، میر محمد زبیر خان جمالی

ٹیگز:
میر محمد زبیر خان جمالی
