کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزیرہنما و پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے کہاہے کہ پاکستان بنانے میں اقلیتوں کا کردار بھی کسی سے کم نہیں ہے ہم سب نے ملکر پاکستان بنایا تھااورملکر اسکی حفاظت بھی کریں گے،پاکستان اقلیتوں کے لئے محفوظ ترین ملک ہے ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کے وقت پاکستان میں رہنے کا درست فیصلہ کیا، پاکستان میں کسی بھی اقلیت کو عام شہری کے برابر حقوق حاصل ہیں جسکی وجہ سے اقلیتوں نے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔یہ بات انہوں نے زیارت میں قائداعظم ریذیڈنسی پر پرچم لہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس سے قبل خلیل جارج کی قیادت میں جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میں ایک ریلی کوئٹہ سے نکالی گئی جو کئی گھنٹے کی مسافت طے کرکے زیارت پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء نے قائداعظم ریذیڈنسی پر پرچم لہرایا اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی رنگ،نسل، فرقے، مذہب کی بنیادوں پر اقلیتوں کے حقوق سلب نہیں کئے جاتے ہیں نہ ہی انہیں کسی بھی لحاظ سے کمر تر تصور کیا جاتاہے جسکی وجہ سے آج اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نہ صرف سیاست بلکہ افواج پاکستان، بیوروکریسی،تعلیم، صحت سمیت ہر شعبے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستا ن میں بسنے والے ہر شخص کو برابر کا شہری قرار دیا ہے یہی ملک کے رہنماء اصول ہیں جسکی وجہ سے آج تک ہمیں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے ہمیشہ اقلیتوں کے مسائل کو سنا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی ہے امید ہے یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برداریوں کے درمیان کسی بھی قسم کی کوئی تفریق نہیں ہے ہم سب ایک ہیں اور اپنی برداریوں کی بہتری کے لئے ملکر کام کر تے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس کی سربراہی میں قائم مخلوط صوبائی حکومت نے اقلیتوں کو جتنے فنڈز دیئے اسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اقلیتوں کواضافی فنڈز ملنے سے انکے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے میں کافی حد تک مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے کوٹے کو بڑھا کر2فیصد سے 5فصد کردیا ہے اقلیتوں کے ملازمتوں کے کوٹے پر صرف اور صرف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والوں کی بھرتی کو یقینی بنایا گیاہے۔خلیل جارج نے کہا کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد نے بڑی جانی اورمالی قربانیوں کے بعد حاصل کیا تھا جسکی بدولت آج ہم کھلی فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی حفاظت اپنے خون کے آخری قطرے تک کریں گے اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تواسکی آنکھیں نکال باہرپھینکیں گے۔
پاکستان اقلیتوں کے لئے محفوظ ترین ملک ہے، خلیل جارج

ٹیگز:
خلیل جارج
