کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان وویمن پروٹیکشن بل محکمہ قانون سے ویٹ ہوچکا ہے، جسے کابینہ اجلاس سے منظوری کے بعد قانون ساز اسمبلی میں لایا جائے گا، خواتین کے حقوق کے موثر تحفظ کے لئے ڈومیسٹک وائنلس کے قوانین میں بھی ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن بلوچستان کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین اراکین محمد اشفاق مینگل، زرغونہ ایڈوکیٹ، عورت فاؤنڈیشن کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر علاؤالدین خلجی، ایوا جی الائنس کی چیئرپرسن ثناء درانی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے موثر قانون سازی کی تشکیل پر کام جاری ہے اور بنیادی حقوق کے تحفظ سے متعلق قوانین سمیت کسی بھی محکمے کی کوئی بھی سمری یا امور اس وقت محکمہ قانون میں زیر التواء نہیں، اور میری واضح ہدایات ہیں کہ کسی بھی فائل کو بلاتاخیر بعد از کارروائی متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو جلد از جلد واپس بھیجوایا جائے اور کوئی بھی کام التواء کا شکار نہ ہو انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اور پبلک سیکٹر کی جامعات میں کام کے مقامات پر خواتین کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لئے انسداد ہراسگی کمیٹیوں کی تشکیل اشد ضروری ہے اور اس میں کوئی حیل و حجت برداشت نہیں کی جائے گی، اس موقع پر کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین نے بتایا کہ محکمہ صحت میں ہر سطح پر انسداد ہراسگی کمیٹیوں کی تشکیل کے لئے سیکرٹری صحت کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے جبکہ ایک طویل جدوجہد کے بعد کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لئے مسودہ قانون کو حتمی شکل دی جاچکی ہے اب منزل قریب ہے اور امید ہے کہ یہ بلز کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کردئیے جائیں گے، عورت فاؤنڈیشن کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر علاؤالدین خلجی نے بتایا کہ آئندہ عام انتخابات میں جنرل نشستوں پر خواتین کی شرکت کے لئے مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں منتخب خواتین نمائندوں کے لئے کوئٹہ میں گرینڈ کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بلوچستان بھر سے خواتین بلدیاتی نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا، اس کے علاؤہ بلوچستان ویمن پولیٹیکل فورم کو بھی فعال کیا جاررہا ہے زرغونہ ایڈوکیٹ نے خواتین کے حقوق کے موثر تحفظ کے لئے متعلقہ فورمز کی زمہ داریوں کے لئے اہیلت اور تجربہ کی بنیادوپر میرٹ کے عین مطابق سلیکشن کا مطالبہ کیا، پارلیمانی سیکرٹری قانون ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن، عورت فاؤنڈیشن اور ایواجی الائنس سمیت متحرک غیر سرکاری تنظیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مربوط اقدامات کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔
بلوچستان وویمن پروٹیکشن بل محکمہ قانون سے ویٹ ہوچکا ہے، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

ٹیگز:
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
