اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد میں تھانہ نون کے علاقے پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب شدید بارشوں کے سبب دیوار گرنے سے 11 مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) انڈسٹریل ایریا خان زیب نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے مشین کی مدد سے اب تک 11 افراد کی لاشیں نکالی ہیں، ملبے کے نیچے سے 6 زخمیوں کو بھی زندہ حالت میں نکال لیا گیا ہے، مزید افراد کی ممکنہ ملبے کے نیچے ہونے کی اطلاع پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوع پر پہنچا دیا گیا، مزید افراد کی تلاش کے لیے مشین کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے جی ٹی روڈ پر انڈر پاس کی تعمیر جاری تھی۔بیان کے مطابق انڈر پاس کی تعمیر کی وجہ سے مزدوروں نے اپنا ٹینٹ نصب کیا ہوا تھا، بارش کے باعث دیوار مزدوروں کے ٹینٹ کے اوپر گرنے کی وجہ سے مزدوروں کے جاں بحق ہونے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے ترجمان ڈاکٹر مبشر ڈاہا نے بتایا کہ پمز میں 11 مزدوروں کی لاشیں لائی گئی ہیں، مرنے والوں کی عمریں 19 سے 36 سال کے درمیان ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ دیوار گرنے کے باعث پمز میں 6 زخمی افراد بھی لائے گئے ہیں، زخمی ہونے والے افراد خطرے سے باہر ہیں، زخمی ہونے والوں میں سے ایک مزدور کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مبشر ڈاہا نے بتایا کہ پمز انتظامیہ جڑواں شہروں میں شدید بارش کے بعد مکمل الرٹ ہے، پمز کا عملہ کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارشوں کے سبب گولڑہ موڑ، پشاور روڈ پر دیوار گرنے سے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے مرحومین کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، علاوہ ازیں وزیرِ اعظم نے بارش کے سبب انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

