کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزراء،ارکان اور گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان کی ذاتی کوششوں سے جونیئر کیڈر اساتذہ کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر مسائل کو احسن طریقے سے حل کرلیا گیا ہے اساتذہ بھی اب بلوچستان سے جہالت کے خاتمے اور نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں اپنا کرداراداکریں،مطالبات تسلیم ہونے کے بعد گورنمنٹ ٹیچر ز ایسوسی ایشن تادم مرگ بھوک ہڑتال اوراحتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتی ہے،صوبے میں سرکاری ملازمین ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں صوبائی حکومت ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔یہ بات صوبائی وزیرخزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی،صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری، ارکان صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے،ثناء بلوچ اور گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدرحاجی حبیب الرحمن مردان زئی نے اتوار کو تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ میں صحافیوں سے بات چیت اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیاس موقع پر گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے چیئرمین مشاورتی کونسل میر شہباز خان قلندرانی سیکرٹری جنرل سجاد حسین رند، چیف آرگنائزر حاجی محمد یونس کاکڑ، گل باران حسنی، نواب خان، مرتضیٰ محمد شہی، شہزادہ کاکڑ، محمد ابراہیم بادینی، طارق عزیز مگسی، ثناء االلہ سمالانی، جمیل الدین کاکڑ محمد صدیق مشوانی اوردیگربھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزراء اورارکان اسمبلی نے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدراوردیگر رہنماوں کو جونیئر کیڈرکے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کانوٹیفکیشن حوالے کیا اور تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے اساتذہ کو جوس پلاکر انکی بھوک ہڑتال ختم کرائی۔ صوبائی وزیرانجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اساتذہ کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ایک سرکولیشن سمری کے ذریعے انکے مطالبات تسلیم کرنے کی منظوری دی جسکے بعد صوبائی وزراء سے اسکی باقاعدہ منظوری لی گئی سیکرٹری خزانہ کمبر دشتی، سیکرٹری تعلیم عبدالروف بلوچ اوردیگر افسران نے چھٹی ہونے کے باوجود اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ حل کرتے ہوئے اسکا باقاعدہ نوٹیفکیشں جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں صوبائی حکومت نے ترجیحی بنیادوں پرانکے مسائل حل کئے ہیں اب امید کرتے ہیں کہ اساتذہ بھی نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور صوبے سے جہالت اور پسماندگی کے خاتمے میں اپنا کردارادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو اسوقت شدید مالی بحران کا سامنا ہے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو ملنے والے فنڈز میں تاخیر کی وجہ سے ہمیں مشکلات درپیش ہیں اسکے باوجود حکومت ملازمین کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تعلیم کی بدولت آج ہم اس مقام پر پہنچے ہیں صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ ملک اورصوبے کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان،صوبائی وزراء،اورارکان اسمبلی کی کوششوں سے آج الحمد اللہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ حل ہوگیا ہے اب اپ گریڈیشن کے مطابق جے وی ٹیچر گریڈ 9سے 14، ایم کیو 9سے 14،جے ای ٹی،پی ای ٹی، جے اے ٹی،جے ڈی ایم 14سے 15میں چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کہا جاتا تھا کہ عدالتیں اتوار کے روز کھلتی ہیں اب ہم نے چھٹی والے دن اساتذہ کے مطالبات حل کرنے کا نوٹیفکیشں جاری کرکے صوبے میں ایک نئی روایت قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر مسائل حل کرنے میں ایک سے ڈیڑہ ماہ کا عرصہ درکارتھا تاہم حکومت اور بیورو کریسی کی کوششوں سے یہ مسئلہ تین سے چار روز کے اندر اندراحسن طریقے سے حل کردیا گیا ہے۔ارکان اسمبلی نصراللہ زیرے اورثناء بلوچ نے کہا کہ اساتذہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں انہیں مسائل کے حل کیلئے احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑتا حکومت اور ارکان اسمبلی کی کوششوں سے یہ مسئلہ حل ہوگیاہے اب اساتذہ کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ محنت اور لگن سے طلباء و طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ کل انہی طالب علموں نے بڑھے ہوکر ملک اورقوم کی باگ ڈؤرسنبھالنی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اساتذہ کو اپ گریڈیشن کی منظوری پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی حبیب الرحمن مردان زئی نے کہا کہ آج گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کی کوششوں اور وزیراعلی میرعبدالقدوس بزنجو،،اسپیکربلوچستان اسمبلی میرجان محمدجمالی،ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر موسیٰ خیل، صوبائی وزراء انجینئر زمر ک خان اچکزئی، نصیب اللہ مری، مٹھا خان کاکڑ، ارکان اسمبلی اصغراچکزئی، نصراللہ زیرے، ثناء بلوچ،اصغر ترین،اصغر ترین،عارف جان محمد حسنی،سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری تعلیم،سیاسی جماعتوں،ٹریڈ یونینز اوردیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سرکولیشن سمری کے ذریعے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیکر اساتذہ کاایک بہت دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے جس پر ہم انکے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس اسٹیج کے توسط سے حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ اساتذہ تعلیم کے فروغ اور صوبے سے جہالت کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور تعاون ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن مطالبات تسلیم اور نوٹیفکیشن جاری ہونے پر اپنی تادم مرگ بھوک ہڑتال اوراحتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی ذاتی کوششوں سے اساتذہ کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر مسائل کو احسن طریقے سے حل کرلیا گیا ہے، زمرک خان اچکزئی

ٹیگز:
زمرک خان اچکزئی
