کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبد الولی خان کاکڑنے کہا ہے کہ اگر ہم نے بلوچستان میں تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کو اپنے وسائل خود پیدا کرنے اور مالی طور پر خود کفیل بنانے کی جانب سنجیدہ توجہ نہ دی تو آنے والے وقتوں میں صوبہ کی تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں کو چلانا مشکل ہو جائیگا،گوادر یونیورسٹی اس خطے میں تعلیمی انقلاب کے ساتھ ساتھ سماجی طور پر بھی تبدیلی لانے کا ذریعہ بننے کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر اپنی منفرد حیثیت منوانے گی،جدید سائنس اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی پیدا کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوجامعہ گوادر کے دورے کے موقع پر اکیڈمک اسٹاف اور طلباء و طالبات سے خطاب کے علاوہ جائزہ اجلاس کی صدارت اور اساتذہ اور اسٹوڈنٹس کے ساتھ انٹریکشن کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، ڈپٹی کمشنر گوادر عزت نزیز، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی، ایجوکیشن آفیسرگوادر عبدالوہاب مجید، علاقاقی سیاسی رہنماوں کے علاوہ یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ اور انتظامی آفیسرز اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ علاوہ ازیں گورنربلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے جامعہ گوادر میں اکیڈمک بلاک تھری کا افتتاح کیا۔پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور آحمد نے گورنر بلوچستان کو یونیورسٹی کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی اور گورنر و چانسلر ملک عبدالولی کاکڑ نے یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک اور پاک چائنا ٹیکنیکل ایند ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود دستیاب وسائل کی موجودگی کو سراہا۔ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے جامعہ گوادر کے طلباء اور طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر پوشیدہ صلاحیتیں جدید تعلیم کے حصول اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے تعلیمی اداروں میں ایک ایسا ماحول پیدا کرنیکی ضرورت ہے جہاں جدت کاری اور خود انحصاری کے رحجانات کو مستحکم بنایا جاسکے۔ گورنر بلوچستان نیوائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی اکیڈمک بلاک تھری کے احاطے میں شجر کاری بھی کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے گورنربلوچستان کی خصوصی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا بعد ازاں گورنر بلوچستان اور ان کے پرنسپل سیکریٹری کو یادگاری شیلڈ اور روایتی تحائف دیے گئے۔ قبل ازیں یونیورسٹی پہنچنے پر دو بچوں نے گورنر کو گلدستے پیش کیے۔
جدید سائنس اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی پیدا کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، گورنر بلوچستان

ٹیگز:
گورنر بلوچستان
