کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے نجی بینک کے سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان علی نواز زہری کے لواحقین کو قانونی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی لیگل ٹیم عدالت میں مقدمے کی پیروی کریگی، یہ بات انہوں نے گزشتہ دنوں ارباب کرم خان روڈ پر واقع نجی بینک کے سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے شہید ہونیو الے نوجوان علی نواز زہری کی رہائش گاہ پر ان کے والد علی احمد زہری سے تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد، شعیب رئیسانی ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے علی احمد زہری سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی، علی نواز زہری کے والد علی احمدزہری نے وقوعہ سے متعلق نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ واقعہ میں ملوث ایک سیکورٹی گارڈ کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ صرف ایک سیکورٹی گارڈ نہیں بلکہ بینک منیجر سمیت وہاں موجود تمام عملہ کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ والدہ کی آنکھوں کے سامنے نوجوان کی شہادت کا سانحہ انتہائی تکلیف دہ ہے، مقتول اور اس کے خاندان کیساتھ ہونیو الے اس ظلم کیخلاف وہ اور ان کے ساتھی متاثرہ خاندان کیساتھ کھڑے ہیں اس سلسلے میں وکلاء پر مشتمل ان کی لیگل ٹیم عدالت میں مقدمہ کی پیروی بھی کریگی۔انہوں نے اپنے قریبی رفقاء کو تاکید کی کہ وہ شہید علی نواز زہری کے والد علی احمدزہری اور خاندان کے دیگر افراد سے قریبی رابطہ میں رہ کر انہیں پیش رفت سے آگاہ کرتے رہیں۔
بینک، سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کے قتل کے کیس میں بینک منیجر سمیت تمام عملہ کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

