کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے تمام ماتحت یونٹوں اور تحصیلوں کا نمائندہ اجلاس زیر صدارت ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق منعقد ہوا، یونٹوں کے نمائندوں نے کارکردگی اور علاقائی مسائل پر مبنی رپورٹیں پیش کیں۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سالار حافظ سید سعداللہ آغا حافظ سراج الدین حاجی صالح محمد مولانا محمد عارف شمشیر اور دیگر یونٹوں کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا کہ عمرانی فتنے کے خلاف اعصاب شکن جدوجہد کی کامیاب تکمیل کا کریڈٹ صرف اور صرف قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کو جاتا ہے۔ بہت سے دوست ہتھوڑے کی گونج میں فتنہ سے مذاکرات کے نام پر فیس سیونگ پر راضی ہوچکے تھے،مگر ہمیشہ کی طرح جمعیت علماء اسلام اور ان کی بابصیرت قیادت جرائت مندانہ موقف اپنا کر فتنے کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی،سترسال میں ملک کا ایسے زہریلے فتنے سے سامنا نہیں ہوا تھا جو ایٹمی پروگرام کو رول بیک کرکے گریٹر اسرائیل کے لیے راہ ہموار کرنے کی سازش میں مصروف عمل ہوکر جمعیت علماء اسلام،مدارس دینیہ کی قوت کو تقسیم نت نئی تنظیموں اور تعلیمی بورڈز کی داغ بیل ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین پر عملدرآمد کی ضرورت ہے، قرآن وسنت کی روشنی میں قانون سازی آئین کی روح اور اساس ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک کا آئین کو ممتاز مقام حاصل ہے۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے کارکنوں کا کردار مذہبی جماعت کی شان کے مطابق ہونی چاہئے، حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے کارکنان آج بھی محو جہد ہیں، ضلع کوئٹہ روز اول سے پابہ رکاب ہے، حالات کا مقابلہ کرنے کے مزید مستعد رہنے کے لیے ضلع بھر کے یونٹوں کا دورہ ہوگا، اور عید الاضحی کے بعد تربیتی اجتماعات کا انعقاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے روزگار کی فراہمی کے لیے ہر فورم پر موثر آواز بلند کی ہے۔
عمرانی فتنے کے خلاف اعصاب شکن جدوجہد کی کامیاب تکمیل کا کریڈٹ صرف اور صرف مولانا فضل الرحمن کو جاتا ہے، مولانا عبد الرحمن رفیق

ٹیگز:
مولانا عبد الرحمن رفیق
