اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھل کرمذمت کرنی چاہیے صدرمملکت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کےواقعات میں ملوث افرادکےخلاف کارروائی ہونی چاہیے، تاہم کارروائی میں انسانی حقوق کاخیال رکھناچاہیے، مارپیٹ نہیں ہونی چاہیے۔
نجی ٹیلی وژن کے اینکر کی جانب سے سوال کیا گیا کہ عمران خان صاحب نے ابھی تک 9 مئی کے واقعات کی مذمت نہیں کی۔ اس کا جواب دیتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ یہ ان سے پوچھیے گا، ان کو مذمت کرنی چاہیے اس پر اینکر نے ایک اور سوال پوچھا کہ 9 مئی کو جو واقعات رونما ہوئے کیا ان کی صرف مذمت کافی ہے،یا جو لوگ اس میں ملوث ہیں جن کے بارے میں ثبوت موجود ہیں، ان کارروائی بھی ہونی چاہیے؟
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ صرف مذمت نہیں بلکہ جو لوگ بھی اس میں ملوث ہیں، جن لوگوں نے یہ کام کیے ہیں، جن لوگوں نے یہ حرکتیں کی ہیں، ان سب کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے دوران انٹرویو ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کا مطلب یہ نہیں کہ ان کو مارا پیٹا جائے۔ بلکہ قانون کے تحت جو سزائیں درج ہیں، وہ ان کو دی جائیں۔اس وقت انسانی حقوق کی جس طرح سے خلاف ورزی کی جا رہی ہے، اس کا خیال پاکستان کو کر لینا چاہیے۔

