لاہور(ڈیلی گرین گوادر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری اگلی گرفتاری سے قبل شاید یہ میری آخری ٹویٹ ہو کیونکہ پولیس میری رہائشگاہ کا محاصرہ کر چکی ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کیا جا رہا ہے۔ اور یہ تمام کام کامیابی سے ہو رہا ہے۔ تاہم میں کئی بار پیغام پیغام پہنچا چکا ہوں کہ میں اداروں میں مداخلت نہیں کرتا۔
عمران خان نے کہا کہ اگر مداخلت کرنا ہوتی تو مجھے علم تھا کہ پچھلا آرمی چیف آخری دنوں میں میرے خلاف سازش کر رہا تھا اور میرے پاس آئی بی کی رپورٹ تھی، تب میں اس کو ہٹا دیتا۔اپنے ویڈیو خطاب میں پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان اس راستے پر نکل گیا جو ہمارے ملک کی تباہی کا راستہ ہے۔مجھے آج اس بات کا بہت خوف ہے۔ اگر ابھی حکمت اور اپنی عقل استعمال نہ کی گئی تو شاید ہم وہاں پہنچ جائیں گے ، جہاں اپنے ملک کے ٹکڑے واپس جمع نہیں کر پائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک سال سے ایک افراتفری مچی ہوئی ہے۔ پورا زور لگا ہوا ہے کسی نہ کسی طرح عمران خان کا راستہ بند کیا جائے۔ یہ ملک کے لیے بہت برا ہے، اس کو نہیں آنے دینا چاہیے، الیکشن بھی نہ ہو، آئین بھی ٹوٹ جائے، سپریم کورٹ کو بھی ذلیل کیا جائے اس کو آنے نہیں دینا۔ان کا کہنا تھا کہ سروے میں 70 فیصد مقبولیت پی ٹی آئی کی ہے، تب سے پی ڈی ایم کی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے، الیکشن بھی نہیں لڑنا کیونکہ الیکشن ہوگئے تو عمران خان آئے گا کیونکہ ان کو عمران خان سے خطرہ ہے، اسی وجہ سے سارا ملک تباہی کے راستے میں جا رہا ہے۔

