کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی صورتحال جمہوریت کے منافی جارہی ہے، جمہوری اونٹ پہاڑ کے نیچے پہنچ چکا ہے، اونٹ کے گلے میں 2024-25تک کیلئے ملک میں قومی حکومت کا تعویز لٹک رہا ہے، سیاستدان مل بیٹھ کر اس دھینگا مشتی کا حل تلاش کریں اگر انہوں نے تھوڑی سی غلطی کی اور ملک سے جمہوریت ختم ہوئی تو پھر وہ افغانستان کابل کے راستے لندن و امریکہ جانے کیلئے اپنا بستر باندھ لیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ ملک کی سیاسی صورتحال پر اگر نظر ڈالی جائے تو ایک طرف عدلیہ اور دوسری طرف سیاستدان جوکہ دو گروپوں میں تقسیم ہیں، عمران خان کا اپنا ایشو ہے اور نواز شریف و جے یو آئی کا اپنا الگ ایشو ہے تینوں میں لڑائی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی حکومت کا گلے میں لٹکائے جمہوری اونٹ پہاڑ کے نیچے پہنچ چکا ہے اللہ خیر کرے کیونکہ اگر یہ اونٹ رائیٹ پر بیٹھ گیا تو ملک میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ 2024-25تک سیاسی جماعتیں عام انتخابات کا انتظار کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے سیاست کو خدمت اور عبادت نہیں سمجھا بلکہ تجارت بنایا ہے جمہوریت کے معنی جیو اور جینے دو ہوتا ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں جو بھی سیاستدان برسر اقتدار آیا وہ خود تو جیتا ہے لیکن دوسروں کو جینے نہیں دیتا۔ انہوں نے کہاکہ میں سیاستدانوں کو یہ مشورہ دونگا کہ وہ اس نازک صورتحال میں کچھوے کی چال چلیں گھوڑے کی رفتار سے اجتناب کریں کیونکہ تیز رفتاری میں کامیابی نظر نہیں آرہی اگر وہ کچھوے کی چال چلیں گے تو ہی ملک میں جمہوریت کو بچاپائیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں پاک افواج اور اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو کہ صبرو تحمل سے چل رہے ہیں اور اس دھینگا مشتی کے باوجود سیاستدانوں کو وقت دے رہے ہیں کہ وہ اپنا قبلہ درست کرلیں اگر سیاستدانوں نے اب تھوڑی سی بھی غلطی کی تو انہیں ملک سے بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا اور 75سالوں سے جو انہوں نے لوٹ مار کی ہے وہ رقم بھی ہضم نہیں کرپائیں گے لہذا خدارا ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اس دھینگا مشتی کو ختم کرنے کیلئے مل بیٹھیں اور افہام و تفہیم سے مسائل کا حل تلاش کریں ورنہ جمہوریت باقی نہیں رہے گی اور ان کا پنڈورا بکس بھی کھل جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاک افواج اور اداروں نے اس ملک کی بقاء و سلامتی کی قسم کھا رکھی ہے اگر ان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو پھر ان سیاستدانوں کو ملک سے بھاگنے کا ایک ہی راستہ افغانستان کابل سے لندن و امریکہ جانے کا مل سکتا ہے جس کیلئے وہ اپنا بستر باندھ لیں۔
ملک کی سیاسی صورتحال جمہوریت کے منافی جارہی ہے، میر عبدالکریم نوشیروانی

ٹیگز:
میر عبدالکریم نوشیروانی
