کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نوجوان تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر تعلیمی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ایک صحت مند اور مثبت معاشرے کی قیام ممکن ہوسکے جس میں صوبے اور ملک کی تعمیر وترقی کا عنصر نمایاں ہو۔ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ اقدامات کررہی ہے اور صوبے میں 19 سال بعد منعقد ہونے والے 34ویں نیشنل گیمز کے انعقاد سے صوبے کا مثبت امیج سامنے آئے گا اور دنیا پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان خاص کر بلوچستان ایک پرامن صوبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے 34ویں نیشنل گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ عمران گچکی، سابق سپیکر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی، سیکرٹری کھیل اسحاق جمالی، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمٰن بلوچ، ڈی جی پی آر کامران اسد، ڈی جی کھیل درا بلوچ، ڈی آئی جی کوئٹہ اظفر مہیسر و دیگر متعلقہ حکام جبکہ آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات، سیکرٹری صحت وقاص علی محمود نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ نیشنل گیمز کی صورت میں کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے عوام کو تفریح کا موقع ملے گا انہوں نے کہا کہ 19 سال بعد نیشنل گیمز کا انعقاد کیا جارہا ہے جسمیں پورے پاکستان سے کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 19 سال کے بعد کوئٹہ میں 34 ویں نیشنل گیمز منعقد کئے جارہے ہیں جو کہ صوبے کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور کھیلوں کا میلہ سجانے کی تیاریاں تقریباً مکمل ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری اسپورٹس نے اجلاس کو بتایا کہ 34ویں قومی کھیل 2023 کی اولمپک مشعل کے سفر کا آغاز کراچی سے ہوگیا۔ مشعل کو آج 8 مئی کو پشاور 9 اور 10 مئی کو اسلام آباد جبکہ 11 مئی مظفرآباد، 12 مئی کو لاہور لے جایا جائے گا اور 14 مئی کو اولمپک مشعل نیشنل گیمز کے میزبان شہر کوئٹہ لائی جائے گی۔ نیشنل گیمز کیلئے کھیلوں کا سامان آج شام تک پہنچ جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ نیشنل گیمز کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ کھیل کے ساتھ کھیلوں سے وابستہ تمام ایسوسی ایشنز کے عہدیدار بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہمان نوازی میں کوئی کمی نہ رہے، تمام وینیوز پر تزئین و آرائش کا کام بھی تیزی سے جاری رکھیں تاکہ مقررہ وقت تک ہر چیز مکمل ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک پرامن صوبہ ہے یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں کوشش کریں گے کہ دوسرے صوبوں سے ا?ئی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی مہمان نوازی میں کوئی کمی نہ رہے اور تمام کھیلوں کے مقابلوں کے دوران ٹیموں کو بہترین سہول?ات کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گیمز کی انعقاد کی سیکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات کو ممکن بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کھیلوں کا مناسب سامان،ایونٹ کی نمائش کی تیاری اورکھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے مناسب اور آرام دہ رہائش کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ نیشنل گیمز کے انعقاد سے نہ صرف صوبے اور ملک کا بین الاقوامی دنیا میں امیج مثبت ہوگا بلکہ یہاں پر کھیلوں کے میدان بھی آباد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ کھیل کے میدان آباد کرکے ہی ہم ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بلوچستان کے کھلاڑی پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں. انہوں نے مذید کہا کہ صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں صوبے کے نوجوان باصلاحیت ہیں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے. واضح رہے کہ نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب 22 مئی کو ایوب اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی اور تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ہوں گے۔
نوجوان تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر تعلیمی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، عبدالعزیز عقیلی

ٹیگز:
عبدالعزیز عقیلی
