کوئٹہ (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع سیکرٹری سید شراف آغا کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کی آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی کے موقع پر 2دسمبر بروز بدھ دوپہر 1بجے ایوب سٹیڈیم فٹبال گراؤنڈ کے مرکزی جلسہ عام کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں پارٹی مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی اطلاعات سیکرٹری نصیر ننگیال، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی سیکرٹری ثقافت سردار حیات خان میرزئی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز جمال خان مندوخیل، بشیر کاکڑایڈووکیٹ، اقبال خان بٹے زئی، حفیظ ترین، نعمت کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری معلم سعید خان کاکڑ نے شرکت کی۔ اجلاس کی کارروائی کے فرائض ضلع اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ نے ادا کی۔اجلاس میں تحصیل سرآب رپورٹ تحصیل صدر سید عبدالخالق آغا، تحصیل کچلاغ کی رپورٹ تحصیل صدر ملک نادر کاکڑ، تحصیل صدر کی رپورٹ تحصیل جنرل سیکرٹری میوو خان خلجی اور تحصیل سٹی کی رپورٹ تحصیل سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان نے پیش کی۔ اجلاس میں چاروں تحصیلوں سے مربوط تمام علاقائی یونٹس میں جاری تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر پارٹی جھنڈے لگانے، وال چاکنگ، پمفلٹ تقسیم کرنے، پینافلیکس اور سائن بورڈ نصب کرنے کا عمل 29نومبر تک مکمل کرلیں۔ جبکہ 2دسمبر کو تمام علاقائی یونٹس اپنے اپنے جلوس پر امن انداز میں 12بجے تک گراؤنڈ میں شرکت کو لازمی بنائیں۔ ضلعی انتظامیہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے پارٹی جھنڈوں، پینافلیکس کو اتارنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر آئینی،غیرجمہوری اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی گئی۔ جلسہ گاہ کی دیگر انتظامات کے لیے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی جو اپنے فرائض بخوبی سے سرانجام دیں گے۔ اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے اپنی پوری زندگی تشدد اور عدم مساوات کے خلاف امن کا پرچار کرتے ہوئے گزاری،برطانوی سامراج کے جبر وتشدد سے لے کر ایوبی آمریت تک پاکستان کا ایسا جیل نہ ہو گا جس میں انہوں نے زندگی کے دن رات نہ گزارے ہوں۔ ملک کے قیام سے قبل پشتون قومی فرنگی غلامی سے نجات دلانے، ملک کے قیام کے بعد ملک کو آئین دینے، پاکستان میں متصل پشتون علاقوں پر پشتون قومی وحدت(صوبہ) کے قیام، ملک میں جمہور کی حکمرانی، خودمختار پارلیمنٹ کے قیام، ملک میں ہر بالغ مرد و عورت کو ووٹ کا حق دینے اور دیگر قومی سیاسی جمہوری نکات کے مطالبات کی پاداش میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو تقریباً33سال قید وبند کی سزائیں فرنگی دور حکومت اور آمرانہ دور کے اقتدار میں دی گئی۔ ان تمام ظلم، جبر، قید وبند کی سزاؤں کے باوجود جب خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو ان کی قومی سیاسی جمہوری جدوجہد سے دستبردار نہ کیا جاسکا تو آخر کار 2دسمبر 1973کو انہیں اپنے ہی گھر میں بموں سے شہید کردیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے زندگی بھر سچ کا ساتھ دیا اور تمام دنیا کے مظلوم ومحکوم اقوام وعوام کے لیے جدوجہد کی ہے۔ خان شہید کے حیات،خدمات، نگارشات اور افکار علامت ہے جمہوریت،مساوات، برابری اور جمہوری جدوجہد کے لیے جان قربان کرنے والے بہادر انسان جس نے محکموم اقوام کے حقوق اور سربلندی کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور 2دسمبر کو جلسہ عام میں ان کی لازوال جدوجہد وقربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تمام عوام کو جلسہ عام میں شرکت کرکے ان کی قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بہترین موقع ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی، تحصیل کمیٹی، تمام علاقائی یونٹس، ابتدائی یونٹ کو ہدایت کی کہ وہ جلسہ عام کی بھرپور تیاری کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے دی گئی ذمہ داریوں کو ذمہ داری کے ساتھ پورا کریں اور تمام کارکنان جلسہ عام میں بروقت شرکت کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری معلم سعید خان کاکڑکی ہمشیرہ، ضلع کمیٹی کے رکن سلیم خان اچکزئی کے بھائی اور دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی ہے۔
خان شہید نے اپنی پوری زندگی تشدد اور عدم مساوات کیخلاف امن کا پرچار کرتے ہوئے گزاری، پشتونخوامیپ

ٹیگز:
پشتونخوامیپ
