کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پٹرولیم ورسورسز سینیٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ افغانستان کو امریکی ڈالر، یوریا کھاد، گندم چینی اور آٹے کی سمگلنگ سے پاکستان بھر میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو گیا ہے پی ڈی ایم کی حکومت اسمگلنگ کو بالکل نہیں روک سکی افغان سرحد عرصہ دراز سے اسمگلروں کی جنت بن چکی ہے اس سرحد کے راستے ہونے والی اسمگلنگ کی وجہ سے ملک میں ہیجانی اور بحرانی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر معمور مختلف اداروں کو متحرک اور مزید چوکس کرنیکی ضرورت ہے تاکہ اسمگلنگ کی موثر سطح پر روک تھام کی جاسکے گزشتہ دنوں کسٹم انٹیلی جنس نے بلوچستان میں اسمگلروں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارکر کروڑوں روپے مالیت کی چینی کے چوالیس ہزار نو سو ستاون اور یوریا کھاد کے اکتالیس ہزار پانچ سو تراسی تھیلے برآمد کرکے تحویل میں لے لئے پاکستان، افغانستان اور ایران سرحد پر نگرانی مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ایران سے پیٹرول اور ڈیزل پاکستان لایا جاتا ہے جسے سرحد پر ٹیکس وصول کر کے چھوڑ دیا جانا چاہئے ٹیکس وصولی کے بعد ان لوگوں کے تنگ کرنا بلا جواز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی وزیر داخلہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرحدی علاقوں کے متعدد دورے کریں اور انتظامیہ کو اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے سخت ہدایت جاری کریں تاکہ ملک کو پہنچنے والے اربوں روپے کے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور عوام پر پڑنے والے مہنگائی کے اثرات کو زائل اور کم کیا جا سکے اسمگلنگ کی روک تھام پر قابو پانے میں کامیاب نہ ہو سکنے والے افسران اور اہلکاروں کو غفلت کا مرتکب ہونے پر قرار واقعی سزائیں دی جائیں تاکہ ملک کو نا قابل تلافی نقصان سے بچایا جا سکے اسمگلروں سے مختلف اداروں کے اہلکار پیسہ لے کر انہیں چھوڑ دیتے ہیں اس طریقہ کار سے بد عنوانی میں اضافہ ہو رہا ہے اوررقم پاکستان کے خزانے میں رقم جمع ہونے کی بجائے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی جیب میں چلی جاتی ہے سرحد پر ٹیکس وصولی کا میکانزم واضح کیا جائے تو ملک کو نقصان کی بجائے فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ پر قابو پا کر ہی عوام پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے اسمگلنگ کی روک تھام سے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی اور فلاح و بہبود سے ہی اجناس کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے کسانوں کو بیچ، کھاد، اسپرے اور بجلی کے بلوں پر ٹیکس چھوٹ اور سبسڈی دے کر ریلیف دیا جا سکتا ہے کسان خوشحال اور مستحکم ہوگا تو مجموعی پیداوار میں اضافہ بھی ہو گا اور ملک کی ایکسپورٹ میں اضافہ بھی ممکن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ملک کی صنعت کا بڑا حصہ زراعت پر انحصار کرتا ہے حکومت اگر ہوشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طویل مدتی منصوبے بنائے اور زرعی اور صنعتی پیداوار میں اضافہ کا موجب بنے تو ملکی ترقی کا پہیہ بلا تعطل رواں دواں ہو جائے گااسمگلنگ روک کر ہی زرعی و صنعتی پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے۔
پاکستان کی زرعی اور صنعتی ترقی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، سینیٹر عبدالقادر

ٹیگز:
عبدالقادر
