کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) علم و ادب کی ترقی میں میڈیا کا اہم اور موثر کردار ہے جس کی وجہ سے آج بین الاقوامی ادب کے ساتھ ساتھ براہوئی زبان و ادب کی ترقی میں براہوئی ادبی ادارے اپنا کردار اد اکر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نامور دانشور، ادیب اور گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے براہوئی ادبی سوسائٹی کی جانب سے عید ملن پارٹی کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر براہوئی یوٹیوب چینل بڑز بلوچستان کے آفس کا افتتاح بھی کیا گیا۔ تقریب سے ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ براہوئی ادبی سوسائٹی نے گذشتہ 45 برسوں سے براہوئی زبان و ادب کی ترویج و ترقی میں اپنا کرداراحسن طریقے سے ادا کررہا ہے۔ اس ادارے کی جانب سے سینکڑوں کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور اسی طرح سہ ماہی دے ٹک نے بھی ایک تاریخی رقم کی ہے کیونکہ دے ٹک کے خاص نمبر براہوئی ادب میں ریفرنس بک کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس طرح براہوئی ادبی سوسائٹی کے دوستوں نے موجودہ وقت کے تقاضوں کے مطابق یو ٹیوب چینل Burz کا اجراء کیا۔ جس کے لئے سوسائٹی کے چیئرمین عبدالقیوم بیدار مبارک باد کے مستحق ہیں۔یو ٹیوب چینل Burzکے پروگراموں کی وجہ سے براہوئی زبان ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھائیں میں سمجھتا ہوں کہ پرائیویٹ شعبہ میں اس طرح کے علمی، ادبی اور ثقافتی ادارے نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر براہوئی ادبی سوسائٹی کے چیئرمین عبدالقیوم بیدار نے کہاکہ براہوئی زبان و ادب کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم نوجوان لکھاریوں اور میڈیا سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کی تربیت کے لئے برز میڈیا اور لٹریری اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جس میں نامور ڈائریکٹر ز، لکھاری، کیمرہ مین، انجینئر اور فلم میکرز کو بلا کر نوجوانوں کو تربیت دینے کا منصوبہ بندی کی جارہی ہے اس موقع پر سابق ڈی جی پی آر نور خان محمد حسنی،اکادمی ادبیات کے ریجنل ڈائریکٹر افضل مراد، ممتاز ادیب و شاعر شاہ بیگ شیدا، وحید زہیر، اے ڈی بلوچ، علی حیدر شاہوانی، قیوم سگوسن براہوئی، پروفیسر حسین بخش ساجد، حسن ناصر، ڈاکٹر تاج رئیسانی، احمد نواز، یوسف حسین یوسفی،ظفر ذیشان،عنایت لہڑی، حفیظ سرپرہ، اکبر ساسولی، فلم میکر سمیع سارنگ، پی ٹی وی کے پروڈیوسر محمد علی لانگو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے بڑز ٹی وی چینل کی ابتداء کو براہوئی زبان و ادب اور بلوچستان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے اہم پیش رفت قرار دیا اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ ہم جس طرح براہوئی زبان و ادب کی ترویج و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اسی طرح ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم موجودہ دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے میڈیا کو مثبت طریقے سے استعمال کریں۔جس میں زبان، ادب، ثقافت کے علاوہ یہاں کے عوامی مسائل کو اجاگر کریں۔تاکہ اس کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی کے فروض میں اپنا کردار ادا کر یں۔
علم و ادب کی ترقی میں میڈیا کا اہم اور موثر کردار ہے،ڈاکٹر عبدالرزاق صابر

ٹیگز:
عبدالرزاق صابر
