اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو تھریٹس کا جائزہ لے کرسکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی سے سکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر درخواست کی سماعت کی،عدالت نے حکم دیا کہ تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی عمران خان کو تھریٹس کے لیول کا جائزہ لے کر سکیورٹی فراہم کرے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے فیصلے مناسب ہیں مگر محسوس ہوتا ہے کہ صرف کاغذوں کی حد تک ہیں،وکیل نے کہا عمران خان بطور سابق وزیراعظم جس سکیورٹی کے حقدار ہیں وہ فراہم کی جائے۔ اسلام آباد آنے پر عمران خان کو سکیورٹی نہیں دی جاتی،عمران خان اپریل 2022ء تک وزیراعظم رہے، قانون کے مطابق سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کے حق دار ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا مزید کہنا تھا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق عدالت میں پیشی کے موقع پر عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دی گئی، تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی تھریٹس کی مناسبت سے سکیورٹی انتظامات کرتی ہے۔عدالت نے کہا کہ عمران خان کو سکیورٹی فراہم کرتے ہوئے حالیہ جان لیوا حملے اور تھریٹ لیول کو مد نظر رکھنا ضروری ہے، تھریٹس کا جائزہ لے کر سابق وزیراعظم عمران خان کوسکیورٹی فراہم کی جائے۔

