کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ممتاز مزدور رہنما خیر محمد فورمین نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ سرکاری و غیرسرکاری اداروں کے ملازمین کیلئے سفید پوشی قائم رکھنا مشکل ہوگیا ہے تاریخی مہنگائی نے ملازم پیشہ افراد کی قوت خرید ختم کردی ہے اور انہیں جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکمران طبقے کی شہ خرچیوں میں کمی کرکے حالیہ مہنگائی اور افراط زرکے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں فی الفور اضافہ کیا جائے اور عیدالفطر کے موقع پر قبل از وقت تنخواہ دینے کے بجائے تمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے ملازمین کو بونس دیا جائے اور تنخواہ اپنے وقت پر ادا کی جائے کیونکہ حالیہ مہنگائی کی وجہ سے ملازم طبقہ ادھار قرض لے کر30 دن کا مہینہ پورا کررہا ہے جبکہ عید کے اخراجات کے بعد 40 سے 45 دن پورے کرنے سے ملازم طبقہ مزیدمشکلات میں پڑجائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں تاریخی مہنگائی، بے روزگاری، لوٹ مار، سیاسی کرپشن، بد امنی، بد عنوانی، اقربا پروری، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور تعلیم و صحت کا فقدان نے غریب عوام بالخصوص محنت کش طبقے کا جینا حرام کر دیا ہے اور غیر پیداواری اخراجات، روپے کی قدر میں کمی اور حکمرانوں کی شاہ خرچیوں میں اضافے کی وجہ سے پوری قوم کی مایوسی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں پارلیمانی نظام ناکام ہوچکا ہے خاندانی و وراثتی سیاستدانوں کی سوچ اپنے ذاتی مفادات اور لوٹ مار سے آگے نہیں جاتی یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 75سالوں سے 5 فیصدمراعات یافتہ طبقہ ملک پر قابض ہوکر 95 فیصد غریب عوام بالخصوص محنت کش طبقے کے استحصال کو زوروشور سے جاری رکھے ہوئے ہے ہمارے سیاستدان غریب طبقے کیلئے لڑتے لڑتے اربوں کھربوں پتی بن چکے ہیں اور غریب عوام کو پسماندگی میں دھکیل کر خود اقتدار کے مزے لوٹ کر خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غلط معاشی پالیسیوں اور لوٹ مار کی وجہ سے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا مقروض بناکر پوری دنیا میں ملک و قوم کو بدنام کردیا ہے اس بحران کا سبب بننے والے 75 سالوں سے ملک پر قابض 5 فیصد مراعات یافتہ طبقے کے کڑے احتساب اور ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت کو واپس ملک میں لانے کیلئے غریب عوام بالخصوص محنت کش طبقے کو بھرپورآواز بلند کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غلط معاشی پالیسوں اور بے لگام بدعنوانیوں پر قابو پایا جاسکے اور ملکی وسائل کا بہتر انداز میں استعمال کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ ملک چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے حکمرانوں کی آپس میں ضد، انا پرستی اور اقتدار کی رسہ کشی نے ملک کو آئینی، معاشی اور سیاسی بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔یوم دستور پر حکمرانوں کا خطاب قوم سے کھلم کھلا مذاق کے مترادف ہے۔ 50 سال کے دوران 1973 کے آئین میں مختلف اوقات میں ترامیم اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے ہے۔ جمہوری نظام اور جمہوری حکومتوں کے ہوتے ہوئے غریب عوام آج بھی ایک وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں۔ جب تک قوم بھوکی ہے یہ جمہوریت جعلی ہے۔
سرکاری و غیرسرکاری اداروں کے ملازمین کیلئے سفید پوشی قائم رکھنا مشکل ہوگیا ہے،خیر محمد فورمین

ٹیگز:
خیر محمد
