قلات(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ کھیلوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے کھلاڑی قوم کے سفیر ہوتے ہیں۔ حکومت کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کو مثبت سماجی سرگرمیوں کی جانب گامزن کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ صوبے بھر میں جدید فٹسال گراؤنڈز کی تعمیر اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلات میں فٹسال ٹورنامنٹ کے موقع پر کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی ایف سی کرنل محمد عمر ایس پی قلات دوستین دشتی اسسٹنٹ کمشنر قلات جہانزیب بلوچ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قلات فدا احمد بلوچ سمیت بڑی تعداد میں کھلاڑی اور شائقین گراؤنڈ میں موجود تھے۔ہاف ٹائم پر وزیر داخلہ کا کھلاڑیوں اور ٹورنامنٹ انتظامیہ کیساتھ تعارف کروایاگیا۔ میدان میں موجود کھلاڑیوں اور شائقین نے صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ عوام کا پیار اور خلوص انکے لیے باعث مسرت ہے۔ وزیر داخلہ نے بہترین انتظامات کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے رنگارنگ پروگراموں کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ انتخاب کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ ضلع کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ ماضی میں یہاں سے منتخب نمائندوں نے عوامی مسائل کو ترجیحات میں شامل نہیں کیا جسکی وجہ سے یہ تاریخی شہر پسماندہ رہا۔ ضلعی کی پسماندگی دور کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
کھیلوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے کھلاڑی قوم کے سفیر ہوتے ہیں،ضیاء اللہ لانگو

ٹیگز:
ضیاء اللہ لانگو
