کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ہاکی و دیگر کھیلوں سے منسلک کھلاڑی اپنا نام منواکر آئندہ نسلوں کیلئے آئیڈیل بنیں،یہ بات انہوں نے منگل کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اسٹیڈیم میں خواتین کھلاڑیوں کیلئے جاری تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی، نوابزادہ حاجی میر لشکری خا ن رئیسانی نے کھلاڑیوں کو دوران تربیت فراہم کی جانیوالی تربیت اور سہولیات سے متعلق دریافت کرتے ہوئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والی خواتین کھلاڑیوں کی شرکت حوصلہ افزاء ہے، امید ہے کیمپ میں شامل کھلاڑی یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ایک افراتفری ہے کسی بھی ایشوء میں مینجمنٹ نہ ہونے کے برابر ہے آبادی میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ بے روزگار بڑھ رہی ہے حکومت بھی ڈلیور کرنے میں ناکام ہے، ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہاکی و دیگر کھیلوں سے منسلک کھلاڑی اپنی محنت سے اپنا نام منوائیں تاکہ مستقل میں وہ بڑی بڑی ٹیموں میں کھیل کر آئندہ نسلوں کیلئے آئیڈیل بنیں انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں اسپورٹس پوری دنیا میں کمرشل ہوگیا ہے جس کے مثبت اور منفی دونوں پہلو ہیں کچھ لوگ اپنے ملک کے نام کو دیکھ کر کھیلتے ہیں اور کچھ لوگ اپنے کھیل کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے بعد کسی نہ کسی ملک کی ٹیم میں جاکر کھیلتے ہیں انہوں نے فٹبال کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ فٹبال کے بین الاقوامی کھلاڑی رونالڈو 270 ملین ڈالر اپنے ملک لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اپنے کھیل پر توجہ دیں اور محنت کرکے جدید ٹیکنیک کے ذریعے اپنے کھیل میں زیادہ سے زیادہ بہتری لائیں۔ اس موقع پر پاکستان وویمن ہاکی ٹیم کی کوچ سحرش گمن نے کہا کہ کوئٹہ میں پہلی مرتبہ خواتین کھلاڑیوں کا کیمپ قائم کیا گیا ہے یہاں کا ماحول انتہائی بہتر ہے یہاں کے لوگوں نے ہمیں جس انداز میں خوش آمدید کہا اس پر بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتی ہوں،انہوں نے کہا کہ کیمپ کیلئے جو بہتر مواقع ہوسکتے تھے وہ مہیا کیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان وومن اور واپڈا ہاکی ٹیم کی طرف سے بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتی ہوں، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اسٹیڈیم میں دس مارچ سے وویمن کھلاڑیوں کیلئے کیمپ قائم کیا گیا جس میں 22 خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کو اس خوبصورت اسٹیڈیم میں فراہم کی جانے والی تربیت ان کے مستقبل کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔اس موقع پر انہوں نے بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی طرف سے وومن ہاکی ٹیم کی کوچ سحرش کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ کیمپ میں شریک خواتین کھلاڑیوں نے ہاکی کے کھیل کیلئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی کاوشوں اور خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ہاکی و دیگر کھیلوں سے منسلک کھلاڑی اپنا نام منواکر آئندہ نسلوں کیلئے آئیڈیل بنیں،نوابزادہ لشکر ی رئیسانی

ٹیگز:
نوابزادہ لشکر ی رئیسانی
