کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ضلع جھل مگسی میں فائرنگ کے واقعہ میں تین افراد کے جاں بحق اور دیگر کے زخمی ہونے پر ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ ہفتہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ضلع جھل مگسی میں فائرنگ کے واقعہ میں تین افراد کے جاں بحق اور دیگر کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ قبائلی تنازعات بھی امن کی خرابی کی بڑی وجہ ہیں،ذاتی اور قبائلی جھگڑوں کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر جھل مگسی کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔وزیراعلیٰ نے فائرنگ واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری گرفتارکر نے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر کے علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی تنازعات کا پر امن حل ضروری ہے قبائلی تنازعات کے حل کے لئے جرگہ کا انعقاد بلوچستان کی قدیم روایات کا اہم حصہ ہے تحمل برداشت رواداری اور باہمی احترام بلوچستان کی روایت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنی روایات پر عملدرآمد کر کے تنازعات کا حل نکال سکتے ہیں قبائلی و سیاسی عمائدین قبائلی تنازعات کے پر امن حل میں اپنا کردار ادا کریں،حکومت اور وہ خود بھی قبائلی تنازعات کے حل میں اپنا کردار کرنے کے لئے تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے جھل مگسی میں فائرنگ کے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی

ٹیگز:
رپورٹ طلب کرلی
