کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء اورسابق صوبائی وزیر میرعبدالکریم نوشیروانی نے کہاہے کہ ملک کے حالات تیزی سے ابتری کی طرف جارہے ہیں جس کی بنیادی وجہ نان کیڈر کے لوگوں کو آگے لاناہے ملک میں جو اقتدار کی رسہ کشی جاری ہے اس سے جہاں جمہوریت کو خطرات لاحق ہے وہاں ہی 22کروڑ عوام سیاسی جماعتوں کے رویہ سے بیزار آچکے ہیں اس کاواحد حل یہی ہے کہ ملک میں فوری طورپر ایمرجنسی نافذ یا مارشل لاء نافذ کرکے حالات کو کنٹرول کیاجائے۔یہ بات انہوں نے یہاں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سابق صوبائی وزیر میرعبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ 2018ء کے الیکشن میں جس طرح سے سیاسی لوگوں کو کھڈے لائن لگا کر غیر سیاسی نان کیڈر کے لوگوں کو آگے لایاگیا انہوں نے ساڑھے4 سال میں جہاں جمہوریت کو نقصان پہنچایا وہاں ہی ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا آج پاکستان جس مالی بحران کاشکار ہے وہ انہی لوگوں کی غلط پالیسیوں اور غیر سیاسی رویوں کانتیجہ ہے جہاں ملک میں ہوشربامہنگائی میں اضافہ ہواہے وہاں ہی کرپشن،دہشتگردی اور بھوک وافلاس نے بھی اپنے پنجے گھاڑ لئے ہیں اس کاتمام نزلہ 22کروڑ عوام پر گر رہاہے جبکہ کرپٹ عناصر اور نان کیڈر کے غیر سیاسی لوگ ملک میں لوٹ مار کرکے آج بھی شاہانہ زندگی گزاررہے ہیں اور لوٹ مار کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کے بعد اب دوبارہ اقتدار کیلئے بے چین ہیں انہوں نے کہاکہ اگر ملک میں یہی حالت رہی توپھر نہ تو جمہوریت رہے گی اور نہ ہی سیاست رہے گی لہٰذاء میری پاک افواج اور اداروں سے یہ گزارش ہے کہ وہ حالات کی اس نزاکت کو دیکھتے ہوئے فوری طورپر ایمرجنسی لگائیں یا پھر مارشل لاء نافذ کرکے ملک کو صحیح ڈگر پر لانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ سیاست ایک عبادت تھی لیکن آج ملک میں سیاست کو تجارت بنادیاگیاہے عوام کی خدمت کاکوئی نہیں سوچتا بلکہ اپنے بینک بیلنس اور جیبیں بھرنے پر سب کی توجہ ہے جس سے جمہوریت کو شدید نقصان پہنچ رہاہے۔اگر آج بھی ہم نے ملک اور عوام کیلئے نہیں سوچا توپھر آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کرینگی۔
پاکستان کے 22کروڑ عوام سیاسی جماعتوں کے رویہ سے بیزار آچکے ہیں ، میرعبدالکریم نوشیروانی

ٹیگز:
میرعبدالکریم نوشیروانی
