کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر حاجی سیف اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں جو تماشہ شروع ہے ملکی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی سپریم کورٹ نے کے پی اور پنجاب میں 90دنوں میں الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے مگر الیکشن سے بھاگنے کے لئے بھونڈے حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ الیکشن سے بھاگنے والوں کو صرف عمران خان کے اقتدار میں آنے کا خوف ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اس مرتبہ عمران خان اصل لٹیروں اور چوروں پر ہاتھ ڈال کر انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اسی لئے الیکشن کو لمبا کرنے کیلئے بھونڈی حرکتیں کی جارہی ہیں اور پوری دنیا ہم پر ہنس رہی ہے۔ انہوں نے ظل شاہ کی بے رحمانہ شہادت کو ظلم و ستم کی ناقابل فراموش داستان قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم و بے گناہ انسان کو جسطرح اذیتیں دے کر قتل کیا گیا اس پر پورا ملک سوگوار ہے اور معصوم شہید کا خون ملک میں انقلاب اور حقیقی آزادی کا پیش خیمہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم سر پر کفن باندھ کر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے عمران خان نے کشتیاں جلا دی ہیں قوم اپنی حقیقی آزادی اور منزل کے بہت قریب ہے اور اللہ کی مدد سے جلد حقیقی آزادی ملے گی۔
قوم ڈٹی رہے حقیقی آزادی چند قدم دور ہے ، حاجی سیف کاکڑ

ٹیگز:
حاجی سیف اللہ کاکڑ
