اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 7 دہائیاں گزرنے کے باوجود عورت تعلیم سے بھی محروم ہے، پاکستان کو محفوظ بنانا ہے تو عورت کو تحفظ دینا ہو گا، مضبوط کرنا ہو گا۔یوم خواتین کے حوالے سے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آج ساری دنیا میں خواتین اپنے حقوق کیلئے نکلی ہیں، وہ باشعور ہیں اور اپنے حقوق کیلئے پر عزم ہیں، آج دنیا میں عورت حقیقی طور پر کمزور ہے، خاندانی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ ایک دجالی ایجنڈے کے تحت عورت کو تنہا کیا گیا، اب مغرب چاہتا ہے عورت اسلامی ممالک میں بھی تنہا ہو جائے، بہت ساری این جی اوز خواتین کے حقوق کے نام پر بے راہ روی کیلئے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ تین سالوں میں خواتین کیلئے تکلیف دہ سال تھا، گیارہ ہزار خواتین پر جنسی تشدد اور چار ہزار خواتین کو قتل کیا گیا، پاکستان خواتین کے حقوق کے حوالے سے بدترین ملک بن چکا ہے، اس حوالے سے ہمارا ملک 145 ویں نمبر پر ہے۔

