خضدار:چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ نئی جماعت بنانے کے بارے میں مشاورت جاری ہے، بلوچستان اور سندھ کے سنجیدہ کہنہ مشق سیاستدانوں کا مجھ سے رابطہ ہے، ایک نظریاتی پلیٹ فارم اورجماعت کی تشکیل نوکرکے عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کاآغاز کریں گے،پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے موقف اور بیانات میں تضادات ہیں، وہ کسی بھی طرح ایک ہی نقطے پر متحد نہیں ہوسکتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج پی ڈی ایم بیساکھیوں پر کھڑی ہے، تاہم سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ایک ذمہ دار اور سیاسی بصیرت کے حامل سیاستدان ہیں وہ کسی بھی طرح گھاٹے کا سودیٰ نہیں کرینگے، میر ی حکومت بلوچستان کی سب سے زیادہ عوامی اور تاریخی تھی جس میں عوام کے ہر شعبے کے لئے کام کیا گیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولہ ہاؤس اور جتک ہاؤس آمد، جتک قبیلے کے سربراہ و معتبرین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار محمد علی جتک، محمد اکبر جتک، محمد عالم جتک، میر طریل جتک، میر فیصل زہری، میر عبدالرحمن زہری، میر عبدالرزاق زہری،میر محمد الطاف جتک سمیت دیگر بھی موجو دتھے۔اس موقع پر جتک قبیلے کے عمائدین سندھ و بلوچستان کے مختلف علاقوں سے خضدار آئے تھے۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ عوامی حقوق کے لئے نئی جماعت بنانے کا ارادہ ہے ایسا پلیٹ فارم عوام کو دیں گے کہ جو نظریاتی جماعت ہوگی جوعوام کے حق کا مرکز و منبع ہوگی،اس سلسلے میں بہت سارے سیاسی رہنماء رابطے میں ہیں جن سے مشاورت جاری ہے، مصروفیات سے فارغ ہو کر انہماک کے ساتھ سیاسی جماعت بنانے کے بارے میں پیش رفت کریں گے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کمزور پوزیشن میں چلی گئی ہے، اور اب وہ بیساکھیوں پر ہے،تاہم آصف علی زرداری ایک سیاسی بصیرت کے حامل رہنماء ہیں اور وہ کسی بھی طرح گھاٹے کا سودیٰ نہیں کریں گے، سندھ میں ان کی حکومت قائم ہے اور وہ سندھ میں بلا شرکت غیر حکومت کرتے رہیں گے۔ملک میں تاریخی مہنگائی آگئی ہے لوگ نان شبینہ کے محتاج ہو کر رہ گئے ہیں اور غربت و بے روزگاری میں بے تحاشا اضافہ ہواہے، یہ سلسلہ رکنے والا نہیں بلکہ مذید آگے بڑھے گا، ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ میری حکومت مثالی اور تاریخی تھی جو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، جس میں ہر شعبے میں عوام کی خدمت کی گئی صوبے میں مسائل حل کیئے گئے اس کا میں نہیں بلکہ آپ صحافی حضرات خود ہی معترف ہیں۔
نئی جماعت بنانے کے بارے میں مشاورت جاری ہے،نواب ثناء اللہ زہری

ٹیگز:
نواب ثناء اللہ زہری
