اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیرچیمہ کا کہنا ہےکہ ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین ہی ہیں، ق لیگ کےسنجیدہ لوگ چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اجلاس میں چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانےکے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت پرویز الہٰی کی رکنیت معطل کرچکے ہیں، وقت آنے پر ظاہر کردیں گےکہ یہ ڈراما کیوں کیا جا رہا ہے،انہوں نے اپنے آپ کو تحریک انصاف میں کیوں ضم نہیں کیا، یہ غیر آئینی حرکت ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں فیصلہ محفوظ ہے۔
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا، قومی اسمبلی میں پارلیمانی اکثریت ہمارے ساتھ ہے،لاہور کے گردونواح کے لوگوں کو اکھٹا کرکے صدر اور سیکرٹری کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے 10 دن میں اسلام آباد میں جنرل کونسل کا اجلاس ہوگا، ان کو اندازہ ہو جائےگا کہ چوہدری شجاعت کتنے مقبول ہیں، تمام صوبوں کے صدر ہمارے ساتھ ہیں، ہمارے اجلاس میں سب صوبوں کی نمائندگی نظر آئےگی، یہ ایسے ہی ہےکہ تحریک انصاف بلوچستان اپنااجلاس بلائے اورکہےکہ ہم نے عمران خان کو پارٹی سے ہٹا دیا ہے۔

