اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاک-چین دوستی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے اور پاک-چین دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا چینی کے سفیر نونگ رونگ کے اعزاز میں الوداعی اعشائیہ دیا گیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی گئی۔
چیئر مین سینیٹ نے پاک-چین تعلقات کو نئی جہتوں تک پہنچانے میں چین کے سفیر نونگ رونگ کی خدمات کو سراہا۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ چین کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے تحفہ ہے اور پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب کے دوران ریلیف اور بحالی کے لیے چین نے بڑھ چڑھ حصہ لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اس فراخدلانہ امداد پر چین کی عوام اور حکومت کی مشکور ہیں۔ اس موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ نے چیئرمین سینیٹ کے تاثرات کو سراہا اور کہا کہ چین کی حکومت اور عوام کو بھی پاکستان کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے۔ چین پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھے گا اور دونوں ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورم پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے۔

