اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیرِ برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کی اہلیہ اعزا اسد رسول کی ڈگری کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔شہباز گل کی اہلیہ کے معاملے پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو کامسیٹس یونیورسٹی کی رپورٹ موصول ہوگئی جس کے مطابق شہباز گل کی اہلیہ 2011 میں اسکالر شپ کے تحت امریکا پی ایچ ڈی کرنے گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ا سکالر شپ منصوبے کی 2014 تک وزارت سائنس نے فنڈنگ کی تھی تاہم 2014 کے بعد یہ منصوبہ ایچ ای سی کے حوالے کیا گیا تھا۔رپورٹ کے بعد وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی نے تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ پیسوں کی ریکوری کرکے رقم غریب بچوں کی تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کی ہدایت پر تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے اور وزارت کے افسران پر مشتمل کمیٹی شہباز گل کی اہلیہ کی اسکالرشپ کے معاملے کی تحقیقات کرے گی۔واضح رہے کہ وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کامسیٹس یونیورسٹی کے پرو ریکٹربھی ہیں۔خیال رہے کہ شہباز گل کی اہلیہ یونیورسٹی کی تقریباً ایک کروڑ 86 لاکھ روپے کی نادہندہ ہیں۔

