کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ جامعہ بلوچستان کے ملازمین گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی سمیت دیگر جائز مطالبات کے حق میں مسلسل احتجاج کر رہے ہیں،جامعہ انتظامیہ اور صوبائی حکومت کو فوری طور پر ملازمین کو مکمل تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے چاہیئں،جامعات کی تنخواہوں سمیت دیگر مسائل پر وزیراعظم میاں شہباز شریف، گورنر بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے جلد ملاقات کریں گے۔یہ بات پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکز ی رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل، سیدال ناصر، سابق اسپیکر راحیلہ حمید درانی، سابق رکن صوبائی اسمبلی سنتوش کمار بگٹی، چوہدری نعیم کریم،فرید افغان، سید ظاہر آغا، نصیر اچکزئی، ملک ظاہر کاکڑ اور ہاشم بڑیچ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ استاتذہ قوم کے معمار ہیں جامعہ بلوچستان کے استاتذہ گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عد م ادائیگی سمیت دیگر جائز مطالبات کے لئے سراپا احتجاج ہیں لیکن انکی شنوائی نہیں ہورہی۔انہوں نے کہا کہ استاتذہ کا کا م کلاسوں میں علم بانٹنا ہے لیکن بدقسمتی سے صوبے کی سب سے بڑی جامعہ کے استاتذہ اس وقت سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں جو کہ ایک تکلیف دہ عمل ہے ایسی صورتحال میں مسلم لیگ(ن) کی قیادت جامعہ بلوچستان کے استاتذہ کے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ استاتذہ کو فور ی طور پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جامعات کے مالی بحران سنگین ہوتا جارہا ہے ہائیر ایجوکیشن کے اداروں کے لئے فوری طور پر حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں مسلم لیگ(ن) کا وفد جلد ہی وزیراعظم میاں شہباز شریف، گور نر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں کریگا اور جامعات کے مالی مسائل،استاتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے مطالبات ان کے سامنے رکھیں گے۔
جامعہ بلوچستان اور صوبائی حکومت فوری طور پر ملازمین کو مکمل تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے،شیخ جعفر مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر مندوخیل
