کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا محمد ایوب حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ سالار حافظ سید سعداللہ آغا اور دیگر نے کہا کہ جمعیت کی قوت سے انکار کرنے والے رسوا ہوکر مٹ گئے، جو کونسلر کی سیٹ نہ جیت سکے ان کو قومی اور صوبائی اسمبلی تک پہنچانے والے ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت تابناک کردار اور درخشندہ اصولوں کی امین ہے،تمام شعبہ ہائے اسلام میں خدمت نصب العین ہے، انہوں نے کہا کہ دعوت تبلیغ، درس و تدریس، جہاد، سیاست اسلامیہ بلاتفرق پوری انسانیت کی خدمت کرنے پر جمعیت علماء اسلام کاربندہے، اسلام کا اخلاقی نظام مختلف دائروں پر محیط ہے ہم اپنے کارکنوں کو ان اخلاقی لڑیوں میں پرونا چاہتے ہیں، ہر عمل کی ابتداء انسان کی انفرادی زندگی سے ہوتی ہے، انفرادی زندگی کے خدو خال اجتماعی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں، اس لئیے باکردار اور بااخلاق انسان ہی حسین معاشرے کی تشکیل میں اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ہماری زندگی کے چلاؤ کے حوالے سے اسلام نے اپنی جامع اخلاقی تعلیمات میں تمام قواعد و ضوابط کوسمیٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شر اور برائی کے بالمقابل عمدہ اخلاق کی ہمت افزائی کی گئی۔ انفرادی دائرہ کے بعد گھریلو سطح پر والدین کے ساتھ حسنِ سلوک و خدمت گزاری کی تعلیم دی گئی۔ بھائی بہنوں اور رشتہ داروں کے ساتھ احسان و صلہ رحمی، بیوی بچوں کے ساتھ محبت وشفقت کی تعلیم دی گئی۔ پھر گھریلو سطح سے اٹھ کر معاشرتی سطح پر پڑوسیوں ساتھ اچھا برتاؤ اور لوگوں کے ساتھ انسانی سلوک اور احترام کا درس دیا گیا۔ تمام مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی اور خیر خواہی اور تمام انسانوں کے ساتھ ہر حال میں عدل و انصاف، رواداری اور مساوات کا برتاؤ۔ اسلام کے نظامِ اخلاق کا حاصل یہ ہے کہ انسانی زندگی کے ہر پہلو اور ہر مرحلہ میں اعلی کردار کو اپنایا جائے۔اسلام نے باہمی معاملات کو مطلب پرستی اور خود غرضی نہیں بلکہ ہمدردی و خیر خواہی کے جذبہ سے انجام دینے کی تعلیم دی۔ اسلام کی اخلاقی تعلیمات کی روح ہمدردی و خیر خواہی، عدل و انصاف اور مساوات و احترامِ نفس ہے۔ اسلام کی خصوصیت یہ ہے اس نے یہ اعلی اخلاقی اصول وضع کیے اور معاشرے میں اسے صد فی صد لاگو کرکے دکھا بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل بے ہودگی سے بچانا والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔
جو کونسلر کی سیٹ نہ جیت سکے ان کو قومی اور صوبائی اسمبلی تک پہنچانے والے ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، مولانا عبد الرحمن

ٹیگز:
مولانا عبد الرحمن
