کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی نے پارٹی ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقائی یونٹوں کے زیر اہتمام اجلاسوں،اولسی جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر بالخصوص کوئٹہ شہر میں بدامنی، چوری ڈکیتی، سٹریٹ کرائمز اور منشیات فروشی سرعام جاری ہے،شہر پر ڈاکوؤں کا راج قائم ہوچکا ہے،حکومت، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے تمام ادارے عوام کے سرومال کی تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، ایگل سکواڈ فالکن فورس، ٹریفک پولیس ویگرفورس مختلف مقامات پر ناکے لگاکر ملازمین، طلباء، مزدوروں، ڈرائیوروں، تاجروں، دکانداروں، نوجوانوں کو مختلف حیلوں وبہانوں کے ذریعے تنگ کررہی ہے ان کی جامع تلاشی کے ذریعے تضحیک وتذلیل کرنے اور ان سے پیسے بٹورنے، رشوت لینے کے عوام دشمن اقدام کے مرتکب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس کو چاہیے کہ وہ پولیس کی جانب سے ان ناروا عوام دشمن اقدامات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان تمام آفیسرز واہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں جو محکمہ کی بدنامی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ڈرگ مافیا، چوروں ڈاکوؤں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کیخلاف بلا امتیاز فوری کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی کے اڈوں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو ہماری نوجوان نسل تباہ ہوجائیگی انتہائی کم عمر لڑکے مختلف نشوں کے عادی ہوتے جارہے ہیں پشتونخواملی عوامی پارٹی ان معصوم زندگیوں کے بچاؤ کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیگی۔
شہر میں ڈرگ مافیا، چوروں ڈاکوؤں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کیخلاف بلا امتیاز فوری کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے،مجید خان اچکزئی

ٹیگز:
مجید خان اچکزئی
