کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)منیجنگ ڈائریکٹر محکمہ واسا حامد لطیف رانا نے کہا ہے کہ محکمہ واسا محدود وسائل میں رہتے ہوئے کوئٹہ کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولت مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے، شہریوں کو چاہیے کہ وہ بروقت بل کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ محکمے کو درپیش مشکلات کو حل کیاجاسکے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ایکسین واساوسیم کے ہمراہ ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی بروری روڈ کوئٹہ کے دورے کے موقع پر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری راجہ عرفان،سینئر صحافی محمد اجمل،چوہدری فیضان سمیت دیگر رہائشیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ واسا کی کوشش ہے کہ کوئٹہ کے باسیوں کو پینے کے پانی کی سہولت مہیا کی جائے تاہم محکمے کے محدود وسائل کو پانی کی گرتی ہوئی سطح کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی سہولت فراہم کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بتدریج غیر فعال واٹر سپلائی اسکیمات کو فعال بنایا جارہا ہے ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی بروری روڈ کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جلد ہی علاقہ مکین پائپ لائن بچھانے میں مثبت پیش رفت دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کنیکشن منقطع کئے جائیں گے عوام کو چاہیے کہ وہ واسا ملازمین سے تعاون اور بل کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
کوئٹہ ، شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولت مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہیں، ایم ڈی واسا

ٹیگز:
ایم ڈی واسا
