کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں ملک کا معاشی مستقبل محفوظ بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے، سرمایہ کاری کے لئے قائم کی گئی خصوصی کونسل کے قیام اور دوستوں ممالک کی معاونت سے ملک ٹیک آف کرے گا،مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف بہت جلد پاکستان آئیں گے اور آنے والے انتخابات میں انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں مسلم لیگ(ن) کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ملک کی قیادت سنبھالی تو ملک معاشی بحران کی منجدھار میں پھنسا ہوا تھا پاکستان ڈیفالٹ کرنے کے انتہائی قریب پہنچ چکا تھا لیکن ہماری حکومت نے ملکی مفاد میں دیرپا اور ٹھوس فیصلے کر کے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے اس وقت سب سے اہم مسئلہ معاشی بحران سے نکلنا ہے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے وزیراعظم کی جانب سے خصوصی سرمایہ کاری کونسل کا قیام عمل میں لا یا گیا ہے جس سے معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھانے میں معاونت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کا بہترین دوست اور ہمسایہ ہونے کا کردار ہمیشہ نبھایا ہے پاکستان پر جب بھی کڑا وقت آیا چین ہمارے ساتھ کھڑا ہواآئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ چلنے کا ارادہ ترک کیا تو چین اور دیگر دوست ممالک نے آگے بڑھ کر ہمارا ہاتھ تھاما اور ہماری مدد کی ہے آنے والے وقت میں پاکستان اس معاشی بحران سے نکل کر ترقی کی راہیں طے کریگا۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ(ن) کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جلد ہی میاں محمد نواز شریف پاکستان آئیں گے اور انتخابی مہم کی قیادت کریں گے میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان اور ملک بھر میں سرپرائز دیگی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کی سینئر شخصیات میں جو غلط فہمیاں تھیں انہیں ختم کرلیا گیا ہے جلد ہی پارٹی میں اہم سیاسی اور قبائلی شخصیات کی شمولیت ہوگی جس سے بلوچستان میں پارٹی مضبوط اور مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اپنی صفوں کو منظم کرتے ہوئے پارٹی کو فعال اور مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے میاں شہباز شریف کی قیادت میں ملک کا معاشی مستقبل محفوظ بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے، شیخ جعفر مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر مندوخیل
