خضدار(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے یہاں ادارہ شماریات کے زیر اہتمام منعقد ہ پانچ روزہ ماسٹر ٹریننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مردم شماری ملک و قوم کی بہتری اور وسائل کی تقسیم کا پہلا زینہ ہے قومی و ملکی مسائل کے حل میں مردم شماری کا دیانتدارنہ انداز میں ہونا اہم کردار ادا کرتی ہے جن افراد کو یہ ذمہ داری سونپی جاتی ہے ان پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے فرض شناسی کے تحت اس قومی خدمت کو سرانجام دیں اوربہتر انداز میں مردم شمار کاعمل مکمل کرکے عوام دوستی بلکہ علاقہ دوستی کا عملی ثبوت پیش کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ شماریات کی جانب سے مردم شماری کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدماسٹر ٹریننگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے ڈی سی جنرل خضدار سراج احمد بلوچ اور ادارہ شماریات کے ڈویژنل کوارنیٹر عطاء اللہ زہری سمیت دیگر موجود تھے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے ڈویژن سطح پر پانچ روزہ ماسٹر ٹریننگ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے ٹریننگ کا مقصدساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے لئے ماسٹر ٹرینرز کو تیار کرنا ہے جو پانچ دن کی تربیت حاصل کرکے اس کے بعد ڈویژن کے اضلاع میں تحصیل سطح پر مردم شماری میں حصہ لینے والے پندرہ سو افراد کو ٹریننگ دیں گے ٹریننگ کا مقصد اضلاع اور تحصیلوں کی سطح پرمعیاری انداز میں مردم شماری کی قومی ذمہ داری کو مکمل کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے اس سے پہلے سہیل الرحمن کانفرنس ہال خضدار میں فیتہ کات کر پانچ روزہ ماسٹرٹریننگ کا افتتاح کردیا اس ٹریننگ کو ٹی او ٹی یعنی ٹریننگ آف ٹرینر کا نام دیا گیا ہے اس میں نادر ا کے نمائندے بھی حصہ لے رہے ہیں اس بارڈیجیٹلائز مردم شماری ہوگی اور اس حوالے سے افراد کو تربیت دی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ ہمارے ہاں آبادی میں روز بروز اضافہ ہورہاہے آبادی میں اضافہ کے اعداد و شمار کا قومی فہرست میں آنا بھی لازمی ہوتا ہے چونکہ ایک مردم شماری سے دوسرے مردم شماری تک کئی سال در کار ہوتے ہیں تاہم جب مردم شماری کا مرحلہ آتا ہے تو اس میں آبادی کا صحیح معنوں میں اعداد و شمار رکھنا بے حد ضروری ہوتا ہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ آبادی کے تعین کی صور ت میں وسائل کی تقسیم ہوتی ہے اور حلقہ بندیاں بنائی جاتی ہے اور اس میں قوم کے افراد کو آبادی کا تناسب دیکھ کرنمائندگی دی جاتی ہے۔ جن افراد کو مردم شماری کے لئے تربیت دیکر تیار کیا جارہاہے ان پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اس فرض منصبی کو بہتر انداز میں نبہائی اس سے قوم کا مستقبل وابستہ ہے اور اگر وہ صحیح معنوں میں ٹریننگ حاصل کرکے اس کو عملی جامعہ پہنائیں گے اور مرد م شماری ذمہ دارانہ انداز میں مکمل ہوگی تو اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔
مردم شماری ملک و قوم کی بہتری اور وسائل کی تقسیم کا پہلا زینہ ہے،ڈپٹی کمشنر خضدار محمد الیاس کبزئی

ٹیگز:
محمد الیاس کبزئی
