کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے سلسلے میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے تاکہ ان منصوبوں سے عوام فوری طور پر مستفید ہو سکیں۔ صوبائی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بھرپور جذبے سے اقدامات جاری رکھیں گی۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بدھ کے روز سیکرٹریز کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی، چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم عبدالرحمن بزدار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبد الباسط سمیت تمام صوبائی سیکرٹریز جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا کہ صوبائی حکومت کو مائنز اینڈ منرلز پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ اس میں ریونیو جنریشن کے ٹھوس امکانات ہیں اس کے علاؤہ آبپاشی، زراعت، لائیو اسٹاک سمیت دیگر شعبوں پر بھی توجہ دینا ہوگی تاکہ صوبائی معیشت میں بہتری آسکے۔ سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں سوشل میڈیا سیک لازمی جز بن گیا ہے جس میں سیکنڈوں میں ایک پیغام کو لاکھوں لوگ تک پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ڈیجیٹل میڈیا پر توجہ دے رہی ہے تاکہ صوبائی حکومت کی ترقیاتی منصوبوں کی پروجیکشن بہتر طور پر ہوسکے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے ٹویٹر اکاؤنٹ، انسٹا گرام، فیس بک، ویب سائٹ کو مکمل طور پر ایکٹیویٹ کیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری بلوچستان نے ہدایت کی کہ مختلف محکموں میں خالی آسامیوں پر اقلیتوں کے 5فیصد کوٹہ کو یقینی بنانے، ای خدمت سنٹر پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران وقت کی پابندی کو یقینی بنائے اور اپنے ماتحت عملہ کو بھی پابند کرے تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوام کی جانب سے درج شکایات کے فوری حل پر خصوصی توجہ مرکوز کیا جائے تاکہ عوام کو فوری طور پر ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کسی صورت سرکاری زمینوں پر تجاوزات برداشت نہیں کرے گی اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے ، چیف سیکرٹری بلوچستان

ٹیگز:
عبدالعزیز عقیلی
