کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے متزلزل نہیں کرسکتے ہیں۔ صوبے کے پرامن ماحول کو خراب کرنے والے اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ہیں۔ بلوچستان پولیس نے ان گنت جانی و مالی قربانیاں دے کر نہ صرف دہشت گردی کے نیٹ ورک کو غیرفعال کیا بلکہ ان کی کمین گاہوں تک ان کا پیچھا بھی کیا اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلیلی میں پولیو مہم کی ڈیوٹی کے دوران ٹرک پر دھماکے کے نتیجے میں پولیس جوان اور شہریوں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر مذمت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ صوبے سے شدت پسندوں کا قلع قمع کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں پولیس اور دیگر سیکو رٹی ادارے شرپسندوں اور دہشت گردوں کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے ٹھکانے لگانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے یکجان ہو کر دشمن کی سرکوبی کے لئے سرگرم عمل ہیں جس سے دشمن کے پاوں لڑکھڑا گئے ہیں۔ اور حالیہ خودکش دھماکے سے یہی امر عیاں کرتی ہے کہ ہارا ہوا دشمن کبھی سکولوں تو کبھی پارکوں میں خودکش دھماکے کر کے بچوں اور خواتین سمیت بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان پولیس پر خودکش دھماکہ ان کی شکست اور بوکھلاہٹ کا اظہار ہے۔ہمارے دشمن ایسی فورس کے حوصلہ پست کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہے جس کے فرض میں جان قربان کرنا شامل ہے انہوں نے کہاکہ ایسے حملوں سے ہمارے ارادوں کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے واقعات اور دشمن کی ہر بزدلانہ حرکت ہمارے حوصلے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بناسکتے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا عزم اور یقین ہے کہ اپنے صوبے اور ملک سے ہر قیمت پر دہشت گردی اور شدت پسندی کا خاتمہ کر کے رہیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے جوان ایسے واقعات کی وجہ سے ڈر کر پیچھے نہیں ہٹانے والے نہیں بلکہ وہ اپنی سرزمین اور اپنے ملکی وقار کے حوالے سے اور بھی پرعزم ہوجاتے ہیں اور وہ آگے بڑھ کر دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملادیتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری فورسز اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھیں گی جب تک صوبے سے دہشت گردی کے کینسر کو جڑ سے نہیں اکھاڑ پھینکتی۔آئی جی پولیس بلوچستان نے شہید اے ایس آئی محمد ابراہیم کے خاندان اور واقعے میں شہید ہونے والے خاتون اور ایک بچے کے خاند ان سے بھی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔بعد ازاں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا ء اللہ لانگو کے ہمراہ، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ اور دیگر پولیس اور سول حکام نے پولیس لائن کوئٹہ میں شہید اے ایس آئی محمد ابراہیم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
شرپسند عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے متزلزل نہیں کرسکتے ہیں،عبدالخالق شیخ

ٹیگز:
عبدالخالق شیخ
