اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی جبکہ ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے، انکم ٹیکس گوشوارے اب 30 نومبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ تین ماہ سے پھنسی ہوئی ایل سی میں رعایت دیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پہلے 50 ہزار ڈالر تک ایل سی کو کلیئر کرنے کی اجازت دی تھی اور اب مزید 1350 ایل سیز فوری کلیئر ہوجائیں گی جبکہ اب ایک لاکھ ڈالر کی ایل سی بھی یکم نومبر سے کلیئر ہوں گی۔علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 8 ہزار سے زائد ایل سی رکی ہوئی تھیں، پہلے 4350 ایل سیز کلیئر کراچکے ہیں۔

