کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا نے کہا ہے کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ اور شہرمیں تاجروں کو لوٹنے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف 31اکتوبر کو انجمن تاجران بلوچستان کوئٹہ کراچی شاہراہ کو لکپاس کے مقام پر ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کریں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کوانجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری عمران ترین، ظہور کاکڑ، ولی افغان، حاجی نصراللہ کاکڑ، ملک بہادر ملیزۂی، محمد جان آغا درویش، میر رحیم بنگلزئی، حیدرآغا، حسن خلجی، طاہر جدون،منظورترین،اسلم اچکزئی،امرالدین آغا، دولت ترین، نعمت ترین، فیض محمد داوی، فیض محمد،قدیم بڑیچ، بسم اللہ ترین اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے کوئٹہ کراچی شاہراہ اورکوئٹہ شہر میں تاجروں کو لوٹنے کی وارداتیں ہورہی ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے کوئٹہ شہر میں سیکورٹی اورسیف سٹی کیمرے ہونے کے باوجودتاحال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے پولیس اور لیویز کی جانب سے متاثرین کی ایف آئی آر تک درج نہ کرنے کی وجہ سے عوام کا ان سے اعتماد ختم ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ رو لورالائی ڈیرہ غازی خان شاہراہ چسلو کے مقام پر 35ٹرکوں کو لوٹا گیا جبکہ انجمن تاجران بلوچستان کے نائب صدر ملک بہادر ملیزئی کا گھی سے لوڈ ٹرک جس میں 8.5ٹن گھی لوڈ تھا قلات کے قریب نامعلوم مسلح اففاد نے روکا اورڈرائیور کو زدوکوب کرکے ٹرک لے گئے کمشنرقلات اور ڈپٹی کمشنر قلات کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود آج تک نہ گھی برآمد ہوا اور نہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی لوٹ مار کی وارداتوں سے تاجروں اورشہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے جس کے خلاف انجمن تاجران بلوچستان نے مرحلہ وار قومی شاہراہوں کو بلاک اور شٹرڈاون ہڑتال کافیصلہ کیا ہے اور 31اکتوبرکو لکپاس کے مقام پر کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کیا جائے گالہذا تمام ٹرانسپورٹراور سبزی فروٹ لانے والے زمیندار سفر سے اجتناب کریں۔
شہرمیں تاجروں کولوٹنے کے خلاف31اکتوبرکوئٹہ کراچی شاہراہ کولکپاس کےمقام پرہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کریں گے، رحیم آغا

ٹیگز:
رحیم آغا
