فیصل آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیرداخلہ راناثنا اللہ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی، جتھوں کی موجودگی سے حکومت تبدیل ہوسکتی تو پھر کل کو کوئی دوسرا جتھہ آئے گا۔فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کل سے میں اپنے گھر آیا ہوں، ووٹ کے لیے یہاں آیا تھا اور ن لیگ کو ووٹ دے دیا ہے، ووٹ سے جو تبدیلی آئے گی اس کے حق میں ہیں، عوام کا جو فیصلہ ہو گا وہ سامنے آجائے گا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات پرامن اور شفاف طریقے سے جاری ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں اور تمام معاملات کو قانونی ضابطوں کے تحت پورے کئے ہیں، پولیس رینجرز اور دیگر سیکیورٹی ادارے بطریق احسن انتظامات سرانجام دے رہے ہیں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کسی جگہ پر بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی، رینجرز فوج پولیس سب دستیاب ہے، اہلکاروں سے کام لینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اور الیکشن کمیشن کی ڈائریکشنز پرتمام ایجنسیز کو عمل کرنا چاہیے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ کسی کے پاس اسلحہ نہیں ہونا چاہیے، پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں لوگ پہنچ جائیں تو ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ جتھوں کے ساتھ لانگ مارچ کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، مسلح جتھوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا، جتھوں کی موجودگی سے حکومت تبدیل ہوسکتی تو پھر کل کو کوئی دوسرا جتھہ آئے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مشروط مذاکرات کیلئے تیار نہیں، غیر مشروط مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

