اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سراج الحق نے کہا ہے کہ بائیس کروڑ عوام امن کی تلاش میں ہے۔تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ ہیرو کو زیرو اور زیرو کو ہیرو بنانے کے پیچھے کیا مقاصد کارفرما ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں جبکہ بائیس کروڑ عوام امن کی متلاشی ہے، کے پی کے اورکراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال سے ہر شہری پریشان ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ، گالم گلوچ اور الزام تراشی کی سیاست سے نوجوانوں کوگمراہ کیا جا رہا ہے، یوتھ حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں پر مزید اعتبار نہ کریں، وہ ملک کے حقیقی وارث ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے اور نوجوان ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے اپنے آپ کو تیار کریں۔

