اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کو اقتدارمیں واپس لانے کیلئے تمام کوششیں کررہی ہے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت عمران خان کو اقتدارمیں واپس لانے کیلئے تمام کوششیں کر رہی ہے اور اس چکر میں صوبہ اُن کے ہاتھوں سے پھسلتا جا رہا ہے۔خواجہ آصف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت کو آڑے ہاتھوں لےلیا۔ کہا اس وقت خیبر پختونخوا میں مکمل انتشار ہے، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ خیبرپختونخوا میں لگی آگ کہیں دوسری جگہ نہ پہنچ جائے۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم مسلسل خیبرپختونخوا کا ہیلی کاپٹر استعمال کر رہے ہیں، عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو اسپرنگ بورڈ بنا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آڈیو لیکس نے حقیقی آزادی سے پردہ اٹھا دیا۔ اُنہیں اقتدار چاہئے، چاہے نیوٹرلز کے پاؤں پڑنا پڑ جائے۔

