کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیزعقیلی نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیااور جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان کے ہمراہ جامعہ کے سٹی کیمپس کے شعبہ فائن آرٹس کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر جامعہ کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر عین الدین آغا، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے تصویری نمائش میں طلبہ کی بنائی گئی پینٹنگز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انکی کارکردگی کو سراہااور انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تصویری نمائش میں بنائے گئے فن پارے کسی بھی عالمی معیار سے کم نہیں اور مجھے انتہائی خوشی ہوئی کہ جامعہ کے طلبہ نے مختلف موضوعات کو تصویری شکل دے کر انکی بہتر عکاسی کی ہے۔بعدازاں انہوں نے جامعہ بلوچستان کے مین کیمپس میں جامعہ کے مین آڈیٹوریم میں گورننس کے عنوان سے ایک تفصیلی لیکچر دیا۔ جس میں جامعہ کے اساتذہ، افیسران کی کثیر تعداد بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک، معاشرہ اور اداروں کے لئے گورننس انتہائی ضروری ہے۔ جس کے بغیر ترقی و خوشحالی کا حصول نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انہیں پالیسیوں پر کار بند رہتے ہوئے ملک و صوبہ اور اداروں کو محفوظ اور ترقی سے ہمکنار کرنا چائیے۔انہوں نے موضوع کی مناسبت سے مختلف پہلوؤں کا حوالہ دیا۔اس موقع پر جامعہ کے وائس چانسلر نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان کئی دہائیوں سے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے اور معاشرے میں شعور و آگائی کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔ اور اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے صوبے کے ہزاروں طلبہ کو نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع مہیا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ صوبائی حکومت اور اعلیٰ نمائندگان جامعہ کے ساتھ تعاون و سرپرستی جاری رکھتے ہوئے مستقبل میں بھی جامعہ کے ساتھ مشترکہ تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں کو پروان چڑھائیں گی۔آخر میں وائس چانسلر نے چیف سیکریٹری کو جامعہ کی جانب سے تحائف پیش کئے۔
تصویری نمائش میں بنائے گئے فن پارے کسی بھی عالمی معیارسےکم نہیں ہے،عبدالعزیزعقیلی

ٹیگز:
عبدالعزیزعقیلی
