لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار ڈیل کے تحت واپس آرہا ہے۔جی سی یونیورسٹی لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم اپنے ملک، نوجوانوں اور صنعتوں کو جدید ٹیکنالوجی سے بہرمند نہیں کرسکے، ہم نے اپنے 20 سال ضائع کئے، 20 سال پہلے بھارت کی آئی ذٹی ایکسپورٹس ایک ارب ڈالر تھی جو اب 120 ارب ڈالر ہے جب کہ پاکستان کی ایک سال کی کل برآمدات 32 ارب ڈالر ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ دنیا آئی ٹی کے شعبے کی طرف جارہی ہے، جب بھی ہم حکومت میں آئے ہم آئی ٹی کمپنیوں کو ٹیکسز سے مستثنیٰ اور فری لانسرزکے کیپیٹل گین ٹیکس مکمل طور پر معاف کریں گے تاکہ وہ کام کریں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ظلم اور ناانصافی کا مقابلہ کرنا جہاد ہے، بھارت اس وقت 40 فیصد کم قیمت پر روس سے تیل خرید رہا ہے، ہم روس سے سستے تیل اور گندم کی بات کر آئے تھے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہم پر مسلط کیا گیا، جنہوں نے آتے ہی اپنے خلاف کرپشن کے مقدمات ختم کرنے شروع کردیئے۔ قوم کو تاریخ کی بدترین مہنگائی میں دھکیل دیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اسحاق ڈار ہمارے دور میں بیرون ملک نہیں بھاگا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں نیب نے اسحاق ڈار سے پوچھا کہ آپ کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آئے، اسحاق ڈار وزیر اعظم کے جہاز میں بھاگ گیا، اب ڈیل کے ساتھ واپس آرہا ہے، یہاں ڈیل ہوتی ہے اس لیے منی لانڈرنگ نہیں رکتی۔عمران خان نے کہا کہ وکی لیکس اور دان لیکس کے بعد آڈیو لیکس سامنے آگیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر شریف خاندان کے گھر کا نوکر ہے، نواز شریف اسے بتاتا ہے کہ الیکشن کب کرانے ہیں، اس چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں ہم نے 3 سال ای وی ایم کی کوششیں کیں، اس نے ای وی ایم مشینیں نہیں آنے دیں، چیف الیکشن کمشنر کو ہمیں مستعفی کروانا پڑے گا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آڈیو لیکس میں ہے کہ مریم نواز کا داماد پاور پلانٹ کے لئے مشینری بھارت سے خرید رہا ہے اور شہباز شریف اسے مشینری لانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ آڈیو لیکس کی ابھی کئی قسطیں آنے والی ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب قوم میں اچھائی اور برائی تمیز ختم ہوجاتی ہے تو وہ باقی نہیں رہتی۔ ملک کے نوجوان اپنے مستقبل کے لیے ہماری حقیقی آزادی کی تحریک میں شامل ہوں، چوروں کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے، جب تک زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا اور انشاء اللہ ان سے جیت کر دکھاؤں گا۔

