کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ سے منگل کوصوبائی سیکرٹریٹ میں پارٹی کی صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن و سابق صوبائی وزیر آغا عرفان کریم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی انفارمیشن سیکرٹری سردار سربلند جوگیزئی،صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، سٹی، مختلف ونگز کے عہدیدار اور ورکرز کی بڑی تعداد موجود تھے۔ملاقات کے دوران تنظیمی امور اور صوبے میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اس مشکل حالات میں عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب سے پاکستان پیپلز پارٹی کا تنہا نمٹنا ممکن نہیں لیکن پارٹی اپنی استعداد کے مطابق مرکزی اور صوبائی سطح پر سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن مدد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ابتدائی طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہر متاثرہ گھرانے کو 25 ہزار روپے دے رہی ہے جبکہ سروے کے بعد تمام متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرنے اور ان کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبائی سطح پر بھی سیلاب متاثرین کو ریلیف پہنچانے کیلئے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی کی قیادت میں فلڈ ریلیف کمیٹی جبکہ کام کو مزید تیز اور آسان بنانے کیلئے رائزنگ،لاجسٹک، ڈیٹا اینڈ کوآرڈینیشن، کیمپ، ڈاکٹرز اور میڈیا کے نام سے مزید سب کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں تاکہ ہنگامی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کی مدد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی عہدیدار اور ورکرز صوبے کے متاثرین کی مدد کیلئے متاثرہ اضلاع میں ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں جبکہ صوبائی قیادت مرکزی اور صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے قریبی رابطے میں ہیں تاکہ ان کے تعاون سے سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کرسکے۔اس موقع پرآغا عرفان کریم نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی اس نازک صورتحال میں صوبائی قیادت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں پاکستان پیپلزپارٹی سیاست نہیں خدمت پر یقین رکھتی ہیں جو اس نے جاری رکھی ہوئی ہے امید ہے کہ پارٹی متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنا مثبت کردار جاری رکھے گے انہوں نے اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ سے سابق صوبائی وزیر آغا عرفان کریم کی ملاقات

ٹیگز:
آغا عرفان کریم
