کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری۔ پاک فضائیہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور بحریہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ آپریشنز کے دوران پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیاروں نے 77,860 پاؤنڈ سے زائد امدادی سامان سیلاب سے متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جن کا زمینی رابطہ شدید بارشوں اور حالیہ سیلاب کے باعث منقطع ہو گیا ہے۔ ہوائی جہاز کے ذریعے لے جانے والے امدادی سامان میں راشن، خیمے، کھانے پینے کی اشیاء، ادویات، پینے کا پانی، کمبل اور ضروری مشینری شامل ہے۔ ملک بھر اور بالخصوص سیلاب زدہ علاقوں میں نامساعد موسمی حالات کے باوجود پاک فضائیہ کے پائلٹ اس مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدہو نے پی اے ایف کے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے حصہ لیں۔ پاک فضائیہ نے آرمی ایوی ایشن اور پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹروں کے بیڑے کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں اپنے ہیلی کاپٹر بھی تعینات کیے ہیں۔
بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری

ٹیگز:
سیلاب
